سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر ریلی کا انعقاد

Kashmir Rally, Sindh University

کراچی(نمایندہ ٹیلنٹ)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی نے 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر قومی جذبے کے ساتھ منایا۔ اس سلسلے میں ایس ایم آئی یو کی جانب سے ایک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وائس چانسلر ایس ایم آئی یو ڈاکٹر مجیب صحرائی اور دیگر عہدیداران نے کی۔ ریلی سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے قریبی روڈز سے ہوتے ہوئی یونیورسٹی کی مین بلڈنگ پر اختتام پذیر ہوئی۔

اس کے بعد ایس ایم آئی یو کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ کونسلنگ نے آڈیٹوریم میں ایک پروگرام منعقد کیا جس کی صدارت سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کی۔ اس موقع پر شرکاءنے کشمیری عوام کی عظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور بھارتی فورسز کے مظالم، قبضے اور بربریت کی مذمت کی۔

ڈاکٹر مجیب صحرائی نے اپنی تقریر میں کہا کہ 5 اگست کا دن کشمیر کی تاریخ کا نازک ترین دن ہے۔ 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت نے آرٹیکل 370 اور 35A کو منسوخ کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا تھا اور اس کے نتیجے میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا آرٹیکل کشمیر کو خود مختاری فراہم کرتے ہیں اور اس کے باشندوں کے حقوق کا تحفظ کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ بالا آرٹیکل منسوخ ہونے کی وجہ سے بھارتی جبر میں اضافہ ہوا، غیر قانونی نظربندیاں، کرفیو، اور خطے کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنے کی ایک پریشان کن کوشش کی گئی۔ ان چیلنجوں کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ غیر متزلزل ہے۔

ڈاکٹر مجیب صحرائی نے یوم استحقاق کشمیر کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس دن کو منا کر بھارت اور دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہم سب پاکستانی بھارت کے کشمیر پر قبضے کی مذمت کرتے ہیں اور کشمیر کو اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جانا چاہیے۔

ڈین ڈاکٹر جمشید عادل نے دیگر ممالک کے لوگوں سے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنے اور بنیادی انسانی حقوق کی حمایت کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے لئے آپ کی حمایت کا یہ ایک طاقتور بیان ہوگا۔ انہوں نے بھارتی افواج کی بھی مذمت کی جو کشمیر میں غیر انسانی مظالم میں مصروف ہیں اور کشمیر پر زبردستی قبضہ کر رکھا ہے۔

ڈین ڈاکٹر زاہد علی چنڑ نے اپنے خطاب میں بھارتی افواج کی مذمت کی جو کشمیر میں انسانیت سوز مظالم میں مصروف ہیں اور کشمیر پر زبردستی غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کشمیر کو حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ کیا۔ محمد نعیم احمد، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز نے بھی یوم استحقاق کشمیر کی اہمیت پر بات کی۔ اس موقع پر طلباءنے بھی تقریریں کیں اور کشمیر پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔اس پروگرام میں فیکلٹی، افسران، دیگر ملازمین اور طلبا نے بڑے تعداد میں شرکت کی۔

کوئی تبصرے نہیں