منعم ظفر خان نے پہلے اربن فارسٹ کا افتتاح کر دیا

Munam Zafar Khan


کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلبرگ کے زیر اہتمام کراچی میں سہراب گوٹھ تا شفیق موڑ پہلے اربن فارسٹ ''Roadside Jungle'' کا ضلع گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ، ٹاؤن چیئرمین گلبرگ وسطیٰ نصرت اللہ کے ہمراہ پودا لگا کر افتتاح کیا۔

اس موقع پر منعم ظفر خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”بلا تفریق رنگ و نسل پورے شہر میں 5 لاکھ درخت لگائیں گے، جماعت اسلامی اپنے 9 ٹاؤنز کے علاوہ باقی ٹاؤنز میں بھی شجرکاری مہم چلائے گی۔ شہر میں اس وقت پانی و بجلی کا بحران ہے، واٹر اینڈ سیوریج کے مسائل ہیں، ایسے حالات میںمیئر کراچی کی ترجیحات نظر نہیں آتیں، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ شہر کی گرین بیلٹس کو بہتر کیا جاتا، ہم شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے اپنا حصہ ادا کر رہے ہیں۔ بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں فی شہری 7 درخت ہونے چاہیے لیکن بدقسمتی سے اس وقت فی شہری 0.38 درخت موجود ہیں جس کے باعث ماحولیات کا نظام خراب سے خراب تر ہوتا جا رہا ہے۔ ماحولیاتی نظام بہتر کرنے کے لیے شہریوں کو درخت کی اہمیت اور آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطیٰ فاروق نعمت اللہ، ٹاؤن چیئرمین گلبرگ وسطی نصرت اللہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، کراچی پریس کلب کے سیکریٹری شعیب احمد و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ گلبرگ ٹاؤن کے چیئرمین سمیت تمام افراد مبارکباد کے مستحق ہے کہ جنہوں نے ایک الگ اور منفرد انداز سے کراچی کو گرین بنانے کی کوشش کی جسے بہت پسند کیا جا رہا ہے، کراچی میں موسمی تبدیلی کے باعث گرمی میں شدید اضافہ ہورہا ہے، امسال بھی سیکڑوں شہری گرمی کے باعث قیمتی انسانی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ایسے میں ہمیں اس بات کا عزم کرنا ہے کہ ہم ہی ہیں جو تبدیلی لا سکتے ہیں، ہم نے ماضی کے میئر کی طرح اختیارات کا رونا نہیں رونا بلکہ ٹاؤن کو صاف رکھنا ہے اور گرین بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس 9 ٹاؤنز اور87 یوسیز ہیں۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا تھا کہ ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے۔ ہم نے گزشتہ 8 ماہ میں مختلف مقامات پر30 ہزار بلب لگائے، 83 پارکس بنائے، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر سے شہری پریشان تھے، جماعت اسلامی اپنے 9 ٹاؤنز میں کچرا کنڈیوں کو کم کردیا گیا۔

فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ ہم نے ضلع گلبرگ وسطی میں شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے اور سڑکوں کے درمیان پودے اور درخت لگائے جائیں گے، ہم کراچی شہر میں شدید گرمی کے موسم کا مقابلہ کرنے کے لیے شجرکاری مہم شروع کر رہے ہیں اور اس کے لیے شہر کے نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ نصرت اللہ نے کہاکہ گلبرگ ٹاؤن اپنی سرگرمیوں کی وجہ سے 25 ٹاؤنز میں سے ماڈرن ٹاؤن کہلاتا ہے، ہم نے اول روز سے کوشش کی کہ مقامی افراد کو ذہنی و جسمانی صحت کی سہولیات فراہم کی جائے، ہم نے دو ہفتے قبل 50 ہزار پودے لگانے کا عزم کیا تھا، جس کے لیے سلوگن رکھا کہ کراچی کے لیے درخت لگائیں۔ حالیہ ریسرچ کے مطابق بتایا گیا ہے کہ آیندہ چند سالوں میں کراچی میں رہنا مشکل ہوجائے گا، اسی لیے ہم نے اس بات کا عزم کیا ہے کہ کراچی کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے شجرکاری مہم چلائی جائے اور پودے لگائے جائیں۔

کوئی تبصرے نہیں