قرآن پاک کا پہلا پوٹھوہاری ترجمہ
تحریر:راجہ شاہد رشید
محمد شریف شاد جی نے پہلی بار قرآن مجیدکا پوٹھوہاری زبان میں ترجمہ کرکے ایک بہت ہی بڑا اور اچھوتا و منفرد کام کیا ہے اور ہم اہل اسلام اور بالخصوص اہل پوٹھوہار پر ایک بہت ہی بڑا احسان کیا ہے۔ میری رائے میں ان کا یہ کارنامہ نہ صرف باکمال و بے مثال ہے بلکہ قائم دائم و لازوال بھی ہے ۔ موصوف محسن ہیں پوٹھوہاری زبان کے بھی اور پوٹھوہاری ادب کے بھی، اگر میرے کسی بھائی کو شک و شبہ ہے تو وہ مجھے کوئی اور نام بتلا دے اس بندے کا جس نے اس قدر محنت و محبت اور دیانت کے ساتھ اتنا بڑا کام کیا ہو، پوٹھوہاری زبان کے لیے۔ اہل پوٹھوہار یہ بھی تو دیکھیں ناں کہ یہ سب باتیں کہہ کون رہا ہے؟ وہ شاہد رشید کہہ رہا ہے جس نے قرآن کریم کی بہت سی آیات اور سورتوں کا اور متعدد انبیاءعلیہ السلام کے حالات زندگی کا سب سے پہلے منظوم پوٹھوہاری ترجمہ کیا تھا، اس حوالے سے میری پہلی کتاب ”حرف انمول“ 2005ءمیں چھپی جبکہ قرآن مجید پہ میری دوسری منظوم پوٹھوہاری تحقیقی کتاب ”نقطہ نقطہ نور“ 2013ءمیں شائع ہوئی جس میں سلطان العارفین میاں محمد بخش عارف کھڑی رحمة اللہ علیہ کی سیف الملوکی بحر میں، میں نے یہ کہا تھا کہ:
دسیا سونے ربِ عالم ازلی سچ دستور |
پڑھو سُچے حرف قرآنی نقطہ نقطہ نور |
صدارتی ایوارڈ یافتہ محمد
شریف شاد کو وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پاکستان نے بھی ان
کی خدمات کو دیکھتے ہوئے بطور خاص انہیں سند امتیاز سے نوازا ہے۔ اس کے علاوہ بھی انہیں
جو اعلیٰ اعزازات اور ایوارڈز ملے ہیں ان کی فہرست بڑی ہی طویل ہے۔ پوٹھوہاری زبان
و ادب کے سب سے بڑے محسن محمد شریف شاہد کی ہمیشہ یاد رکھی جانے کے لائق خدمات مندرجہ
ذیل ہیں: قرآن پاک کا پوٹھوہاری ترجمہ، سیرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، پوٹھوہاری
اُردو لغت، سرکار مدینہ نیاں چِٹھیاں، سیانیاں نے اکھانڑ، کوثر پوٹھوہاری گرائمر، مولانا
روم نیاں کہانیاں، پہلا پوٹھوہاری قاعدہ، شیخ سعدی نیاں کہانڑیاں اور ”برطانیہ سے آسٹریلیا
تک“ سفرنامہ (اردو)۔
محمد شریف شاد 29 دسمبر 2002ءتک اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان
راولپنڈی رہے، 2003ءمیں وہ کنٹرولر داخلی نشریات پی بی سی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد تعینات
ہوئے اور فروری 2007ءتک اس منصب پر فائز رہے پھر ڈائریکٹر پروگرامز بھی رہے اور 36
سالہ خدمات انجام دینے کے بعد جون 2007ءمیں ریڈیو پاکستان سے ریٹائر ہوئے۔ ریڈیو راولپنڈی
کے مشہور پروگرام ”جمہور نے واز“ 12 سال پیش کرنے کا اعزاز بھی محسن پوٹھوہار محمد
شریف شاد کو حاصل ہے۔ موصوف فرماتے ہیں کہ 2020ءربیع الاول سے دو ماہ قبل میرے دل میں
خواہش جاگی کہ میں نے 27 رمضان کو اس کام کا آغاز کیا اگر اختتام 12 ربیع الاول کو
ہو تو بڑی بات ہوگی۔ میری یہ خواہش بھی اللہ نے پوری فرمائی۔ 12 ربیع الاول کی شام
قرآن پاک کے نسخے میرے پاس پہنچ گئے۔ اس سارے کام کی انجام دہی میں مجھے اپنی فیملی
کی مکمل سپورٹ حاصل رہی اور میں اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتا ہوں۔ محمد شریف شاد
کہتے ہیں کہ قرآن مجید کا پوٹھوہاری زبان میں ترجمہ کرنے اور پبلش ہونے تک ساڑھے چار
سال کا عرصہ لگا، میں نے مولانا فتح محمد جالندھری کا ترجمہ قرآن سامنے رکھ کر پوٹھوہاری
زبان میں ترجمہ کیا اور اس ترجمہ قرآن کو مکتبہ اشرفیہ لاہور نے شائع کیا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں