شٹر ڈاؤن ہڑتال غریب عوام کا فیصلہ ہے، لیاقت بلوچ

Liaquat Baloch, Jamaat-e-Islami

اسلام آباد (نمایندہ ٹیلنٹ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کے 84ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی تاسیس اور جدوجہد اقامت دین اور بابرکت اسلامی انقلاب کے لیے ہے۔ دعوت و تبلیغ، ذہن و کردار سازی اور خلق خدا کی خدمت ہی جماعت اسلامی کا مشن ہے۔ استعماری اور استحصالی نظام کے خاتمہ کے لیے جماعت اسلامی نے ہمیشہ جمہوری، سیاسی مزاحمت کا راستہ اختیار کیا ہے۔ پاکستان عالم اسلام اور ترقی پذیر ممالک میں اپنی صلاحیتوں، جغرافیائی اہمیت اور قدرتی وسائل کی بنیاد پر جوہری اور رہنما کردار ادا کرسکتا ہے۔ کرپٹ، نا اہل اور مفاد پرست نظام اور اس کے سرپرستوں نے پاکستان کو عملاً مفلوج کردیا ہے۔ سیاسی اور اقتصادی نظام کے استحکام کے لیے قرآن و سنت کی بالادستی، آئین پاکستان کی فرمانروائی، قانون کے نفاذ، آزاد عدلیہ اور شفاف، غیر جانبدارانہ منصفانہ انتخابات ناگزیر ہیں، جب تمام اسٹیک ہولڈرز آئین کی حدود کی پابندی قبول کرلیں گے تو پاکستان وحدت، یکجہتی اور ترقی کا مرکز بن جائے گا۔ جماعت اسلامی فرقہ پرستی اور ہر طرح کے تعصبات سے بالا تر ہو کر عوام کی بیداری اور منظم جدوجہد جاری رکھے گی۔

لیاقت بلوچ نے صوبائی امراءمحمد حسین محنتی، پروفیسر محمد ابراہیم، مولانا عبدالحق ہاشمی، محمد جاوید قصوری، ڈاکٹر طارق سلیم اور راؤمحمد ظفر سے 28اگست کی ملک گیر ہڑتال کے لیے ٹیلی فون رابطہ کیا۔ امرائے صوبہ نے آگاہ کیاکہ ضلعی، تحصیلی اور شہری مراکز میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کے لیے تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور تاجر تنظیموں، یونینز سے رابطہ اور مذاکرات ہوگئے ہیں ان شاءاللہ بھرپور ہڑتال ہوگی۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ 28اگست 2024ءشٹر ڈاؤن ہڑتال پاکستان کے عوام کا فیصلہ ہے۔ ملک گیر ہڑتال تاجروں، صنعت کاروں و، ملازمین اور زراعت پیشہ افراد کے حقوق کی بازیابی کے لیے ہے۔ بجلی، پٹرول کی حقیقی قیمتیں، تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکسز کے اضافی بوجھ کا خاتمہ، غیر ترقیاتی انتظامی اخراجات پر کرپٹ اشرافیہ کی عیاشیاں اور آئی پی پیز کے ناجائز، تباہ کن معاہدوں پر نظر ثانی جانچ، پڑتال عوام کا حق ہے۔ 28 اگست کی ہڑتال اقتصادی نظام کو راہ راست پر لائے گی۔

کوئی تبصرے نہیں