اسماعیل ہانیہ کی شہادت: نیو ایم اے جناح روڈ پر غائبانہ نماز جنازہ، ہزاروں افراد کی شرکت
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) اسرائیل
کے غاصبانہ قبضے سے انبیاءکی سرزمین فلسطین و قبلہ اول کی آزادی کی جدوجہد اور اہل
فلسطین کی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ جماعت اسلامی
کے تحت نیو ایم اے جناح روڈ پر امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی کی امامت
میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں شہر بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی، محمد حسین محنتی،
امیر کراچی منعم ظفر خان و سکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی نے نماز جنازہ کے شرکاءسے
خطاب کیا۔ شرکاءمیں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر
زبردست خراج تحسین پیش کیا اور پرجوش نعرے لگائے جن میں ”نعرے تکبیر اللہ اکبر، انقلاب
انقلاب اسلامی انقلاب، مبارک مبارک شہادت مبارک، تیری میری آرزو شہادت شہادت، خون رنگ
لائے گا انقلاب آئے گا ہانیہ تیرے خون سے انقلاب آئے گا، رائیگاں نہ جائے گا خون رنگ
لائے گا“ شامل تھے۔
شرکاءنے فلسطین و جماعت اسلامی
کے جھنڈے اور اسماعیل ہانیہ کی تصاویر والے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔ اس موقع پر
خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ واضح رہے کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے
باعث جماعت اسلامی کراچی نے مہنگی بجلی، آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں اور بجٹ میں
تنخواہ دار طبقے و تاجروں پر ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف گورنر ہاؤس پر دیا جانے والا دھرنا
موخر کر دیا ہے، اگلی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے۔ محمد حسین محنتی نے نماز جنازہ
کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کا دن یوم شہادت اور یوم عزم کا دن ہے، ہم پاکستان
سمیت مسلم حکمرانوں اور اسلامی ممالک کی افواج سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اہل غزہ و فلسطین
کے ساتھ کھڑے ہوجائیں اور ان کی مدد کریں، اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات و پیش قدمی
کریں، حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ امت مسلمہ کے سربراہ تھے ان کی شہادت کا بدلہ لینا
ہم سب پر فرض ہے۔
جماعت اسلامی نے مہنگی بجلی،
آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں اور عوام دشمن بجٹ کے خلاف کراچی میں بھی تحریک شروع
کردی ہے، گورنر ہاؤس پر دھرنا لازمی دیا جائے گا اور مسائل حل نہ ہونے تک احتجاجی تحریک
جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام کی معراج جہاد ہے، اسلام کی سر بلندی اور دین
کی ترویج جہاد سے ہی ممکن ہوئی۔ افغانستان نے پہلے روس اور پھر امریکہ کے خلاف جہاد
کیا۔8اکتوبر سے اہل غزہ و فلسطینی مسلمان اسرائیل کے خلاف جہاد کررہے ہیں۔ فلسطین کا
جہاد جاری ہے، خواتین و بچوں سمیت 40 ہزار سے زائد فلسطینی مسلمانوں شہید ہوچکے ہیں۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ، ان کے بیٹے اور پوتے بھی جہاد کرتے ہوئے شہید ہوگئے ہیں۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی خواہش تھی کہ وہ اسرائیل کے خلاف جہاد کرتے ہوئے شہید
ہوجائیں اور اللہ نے ان کی دعا قبول کرلی۔ اسرائیل کے ساتھ امریکہ اور برطانیہ کی طاقت
موجود ہے لیکن بد قسمتی سے 58 اسلامی ممالک نے حماس کی مدد نہیں کی۔
ترک صدر نے حماس کی کھل کر
حمایت اور مدد کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ہم ترک صدر کے بیان پر خراج تحسین پیش کرتے
ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اعلان کیا جمعہ 2اگست کو شہر بھر کی
تمام مساجد میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے
گی، حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ فرد کا نام نہیں بلکہ تحریک کا نام ہے، اسرائیل بزدلانہ
حرکت کرکے سمجھتا ہے کہ اسلامی تحریک کا راستہ رک جائے گا، حماس کی تحریک رک نہیں سکتی
بلکہ مزید آگے بڑھے گی، اسرائیل نے فلسطین کو قبرستان بنا دیا اس کے باوجود فلسطینی
ایمان کی بدولت استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسرائیل کے سرپرستوں کے سارے منصوبے اہل
غزہ و فلسطینی مسلمانوں نے خاک میں ملا دیے ہیں۔ فلسطین کی آزادی کی تحریک پورے یورپ
میں پھیل چکی ہے اور پورا یورپFree
Free Palestine کے
نعرے لگا رہا ہے، آج چالیس ممالک کی افواج کہیں نظر نہیں آ رہی، اسماعیل ہنیہ کو شہادت
سے فلسطینی مسلمانوں کے جذبے کو مزید تقویت ملے گی، اہل غزہ کو فتح اور کامیابی ضرور
ملے گی۔
کوئی تبصرے نہیں