ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کے اشتراک سے میلاد کی روح پرور تقریب

Mehfil-e-Milad, Radio Pakistan Karachi, Pakistan Television Network

)رپورٹ۔شہلا اعجاز)

ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے اشتراک سے 8 ستمبر 2024 کو خواتین کے لیے ایک محفل میلاد منعقد کی گئی۔ یہ تقریب ریڈیو پاکستان کراچی کے آڈیٹوریم واقع سوک سینٹر میں رکھی گئی تھی۔ کراچی سینٹر کے اسٹیشن ڈائریکٹر محبوب سرور اس محفل میں مرکزی میزبان کی حیثیت سے شریک تھے، گو یہ محفل تو خواتین کے لیے رکھی گئی تھی لیکن ریڈیو پاکستان نے اپنی روایتوں کو برقرار رکھتے ہوئے اس میں پوری تندہی اور محنت سے اسے اپنے آڈیٹوریم میں بہترین انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی تھی۔ ریڈیو پاکستان کراچی سے ہمارا تعلق زمانہ طالب علمی سے ہی تھا، لہٰذا اس میں شرکت کا لطف ہی کچھ اور تھا۔

تقریب میں شرکت کے لیے جو وقت مقرر کیا گیا تھا، وہ گیارہ بجے کا تھا۔ اتوار کی صبح اور وہ بھی جب انسان سارا ہفتہ آفس کی مصروفیات سے تھک کر ایک دن سستانے اور اپنے کاموں کو بھگتانے میں گزارتا ہے لیکن اس قدر خوب صورت تقریب میں شرکت بھی ازحد ضروری تھی۔ کرتے کراتے جب آڈیٹوریم کے باہر پہنچے تو گھڑی کی سوئیاں مقررہ وقت سے سرک چکی تھیں، یہ انتظار خاصا طویل رہا۔ بہرحال ریڈیو، ٹی وی کی یکجا پروڈکشن آسان کام نہیں تھا، لہٰذا کچھ نہ کچھ تو تکنیکی مسائل درپیش رہتے ہی ہیں۔ یہ تقریب بارہ ربیع الاول کو پی ٹی وی سے نشر کی جائے گی اور ریڈیو پاکستان سے نشر ہوگی۔

کراچی کے اسٹیشن ڈائریکٹر محبوب سرور مہمانوں کے استقبال کے لیے موجود تھے جبکہ ان کی اہلیہ اور معروف براڈ کاسٹر، مصنفہ اور اینکر پرسن سیما رضا ردا اسٹیج پر موجود تھیں۔ پروگرام کی ابتدا سے اختتام تک انھیں بہت مستعد پایا۔ انھوں نے میلاد کی پُر رونق تقریب کی میزبانی کے فرائض دونوں قومی اداروں یعنی ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کی جانب سے بڑی ذمے داری سے نبھائے۔

معروف نعت خواں سارہ معین کو ایک عرصے بعد دیکھا، انھوں نے بتایا کہ ان کی ایک طویل عرصے بعد اس طرح کی محفل میں آمد ہوئی ہے کیونکہ وہ کچھ عرصہ کینیڈا میں بھی رہیں۔ نوے کی دہائی کی مقبول قاریہ اور نعت خواں سارہ معین ان دنوں گلشن اقبال کے ایک کالج میں پڑھاتی ہیں۔ سارہ معین کے علاوہ فائزہ کامران، ماریہ، حوریہ اور دیگر معروف نعت خواں نے اپنے کلام بڑی خوبصورتی سے سنائے۔

بیرسٹر شاہدہ جمیل اور خاتون سینیٹر بھی اس محفل میلاد کی تقریب میں مہمانوں کے درمیان بیٹھی نظر آئیں۔ دوشیزہ ڈائجسٹ کی مدیرہ منزہ سہام کے علاوہ خواتین ڈائجسٹ سے واصفیہ سہیل اور روحیلہ خان کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے متعلق خواتین اس نُورپرور تقریب میں شامل تھیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی کھانا بھی کھل گیا جس کا اہتمام محبوب سرور صاحب نے کیا تھا۔ یوں ایک خوبصورت تقریب شام گئے تک اختتام پذیر ہوئی۔

کوئی تبصرے نہیں