یوایس اوپن ٹینس 2024، جوکووچ سمیت بڑے برج الٹ گئے

USOpen 2024, Tennis

تحریر: عبدالعزیز

یوایس اوپن ٹینس 2024 ہنگامہ خیزی کے ساتھ اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے، سربیئن اسٹار نووک جوکووچ سمیت کئی بڑے برج راستے میں ہی الٹ گئے، ہولگر روئن اور اسٹیفانوس ٹیسٹیپاس پہلے مرحلے سے رخصت ہوگئے، تھرڈ سیڈ کارلوس ایلکاریز بھی دوسری آزمائش میں ناکامی کے بعد خالی ہاتھ واپسی پر مجبور ہوئے۔ویمنز سنگلز میں دفاعی چیمپئن کوکو گوف نے چوتھے مرحلے پر ہمت ہاردی، 8 سیڈ باربورا کرائیجکووا نے بھی دوسرے راؤنڈ میں ہتھیار ڈال دیے۔

سابق عالمی نمبرون اور 2 سیڈ جوکووچ رواں سیزن میں کوئی بھی گرینڈ سلم جیتنے میں ناکام رہے، ان کا کیریئر میں ریکارڈ 25 واں گرینڈ سلم جیتنے کا خواب اس بار ادھورا رہ گیا، انھیں تیسرے مرحلے میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے 28 ویں سیڈ الیکسائی پوپرن نے شکست سے دوچار کیا، وہ کامیابی کی بدولت پہلی بار کسی گرینڈ سلم کے راؤنڈ 16 تک پہنچنے میں کامیاب ہوپائے، جوکووچ کی ناکامی ایونٹ میں بڑا اپ سیٹ رہا، گذشتہ برس جوکووچ نے تین بڑی ٹرافیز نام کی تھیں۔مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ جینک سینر نے کوارٹر فائنل میں 5 سیڈ ڈینیئل میڈویڈوف کو راہ سے ہٹادیا، 9 سیڈ گریگور دیمیتروف کا قصہ اسی مرحلے میں امریکی پلیئر فرانسز ٹیافوئے کے ہاتھوں تمام ہوگیا، ٹیلر فٹز نے الیگزینڈر زیوریف کو ٹھکانے لگاکر سیمی فائنل میں قدم رکھے، فٹز اور ٹیافوئے کی سیمی فائنل میں رسائی کی بدولت اب فائنل میں 18 برسوں بعد کسی امریکی پلیئر کی فائنل میں رسائی بھی یقینی ہوگئی ہے، ٹیافوئے 3 برسوں میں دوسری بار ہوم گرینڈ سلم کے سیمی فائنلز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے، اینڈی روڈک نے آخری بار 2003 میں فلشنگ میڈوز میں ٹائٹل جیتا تھا جبکہ روڈک ہی نے 2006 کے فائنل میں راجرفیڈرر سے شکست کھائی تھی، انگلش اسٹار جیک ڈریپر نے الیکس ڈی مینور کو شکست دیکر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا، ڈریپر اب سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ سینر کا سامنا کریں گے۔

آسٹریلین اوپن فاتح جینک سینر سیزن میں دوسری گرینڈ سلم ٹرافی کی راہ دیکھ رہے ہیں، جوکووچ کے آؤٹ ہوجانے کے بعد ان کا سفر بظاہر آسان ہوگیا ہے، وہ مارچ میں دو بار ڈوپنگ ٹیسٹ میں ناکام رہ چکے ہیں لیکن انھیں حال ہی میں کلیئر ڈیکلیئرڈ قرار دیا گیا تھا، سینر نے رواں برس ہارڈ کورٹس پر 34 میچز میں سے 32 بار فتح کو اپنا مقدر بنایاجبکہ 2 مواقع پر ان کا حریف کامیاب ہوپایا ہے، گرینڈ سلم میں رواں برس 23 میچز میں 21 میں انھیں فتح ملی، سینر نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ایونٹ سے قبل مجھے تنازع کا سامنا رہا، ظاہر ہے کہ شروع میں تھوڑی مشکل صورتحال تھی لیکن یہ دن بہ دن بہتر ہوتا گیا، میں اب سیمی فائنل میں بہتر پرفارمنس پیش کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔

برطانیہ کے جیک ڈریپر نے جمہوریہ چیک کے ٹوماس میچاک کو شکست دیکر پیشقدمی جاری رکھی تھی۔انگلش اسٹار 22 سالہ جیک ڈریپر نے کوارٹر فائنل میں الیکس ڈی مینور کو زیر کیا، ڈریپر نے پہلی بار سیمی فائنل میں رسائی پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے حالیہ فتح بڑی حیرت انگیز ہے، یہ میرے لیے سچا خواب ہے، مجھے لگتا ہے میں نے ایک بھرپور میچ کھیلا، میں فٹنس کے لحاظ سے خود کو بہترین محسوس کرتا ہوں جو میں طویل عرصے سے رہا ہوں، مجھے یہ بھی لگتا ہے کہ وہ کسی چیز کے ساتھ تھوڑی سی جدوجہد کر رہا تھا، الیکس ماضی میں میرا مددگار بھی رہا ہے، وہ عمدہ فائٹر ہے۔

2024 میں سیزن کے اختتامی گرینڈ سلم میں 11 سیڈ یونانی پلیئر اسٹیفانوس ٹیسٹیپاس کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا، انھیں ابتدائی مرحلے میں آسٹریلیا کے تھیناسی کوکنیکاس نے اپ سیٹ کیا، 3 سیڈ کارلوس ایلکاریز بھی دوسرے مرحلے میں ہمت ہارگئے، انھیں ڈچ پلیئر بوٹک وان ڈی زینڈسچلوپ نے زیر کرلیا، تاہم وہ بھی تیسرے مرحلے سے آگے نہیں بڑھ پائے انھیں انگلش پلیئر جیک ڈریپر نے ٹھکانے لگایا۔8 سیڈ ناروے کے کیسپر رووڈ نے چوتھے راؤنڈ میں ہمت ہاردی، انھیں ٹیلر فٹز نے مات دی، ڈنمارک کے 15 سیڈ ہولگر روئن بھی ابتدائی مرحلے سے باہر ہوگئے، انھیں امریکی پلیئر برینڈون ناکاشیما نے ٹھکانے لگادیا۔

ویمنز سنگلز کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی، 6 سیڈ جیسکا پیگولا کا سامنا کیرولینا مچووا سے ہوگا جبکہ امریکا سے تعلق رکھنے والی ایما نیوارو 2 سیڈ آریانا سیبالینکا پر غلبہ پانے کیلیے میدان میں اتریں گی، ٹاپ سیڈ اور ورلڈ نمبرون ایگا سوائیٹک کا سفر کوارٹر فائنل میں پیگولا نے تمام کردیا، کیرولینا مچووا نے بیارٹریز ہیڈاڈ مائیا کی کہانی ختم کردی، ایما نیوارو نے اسپینش پلیئر پاؤلا بیڈوسا کو ہرادیا، سیبالینکا نے چینی حریف ڑینگ کینوین کو شکست دیکر سیمی فائنل کا ٹکٹ یقینی بنایا۔

ہیڈاڈ مائیا نے چوتھے مرحلے میں کیرولین ووزنیاسکی کو شکست سے دوچار کیا، 5 سیڈ جیسمین پاؤلینی کو کیرولینا مچووا کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا رہا، سابق فرنچ اوپن چیمپئن جیلینا اوسٹاپینکو کا قصہ ابتدائی راؤنڈ میں جاپان کی ناؤمی اوساکا نے تمام کیا تاہم ناؤمی بھی دوسرے مرحلے میں کیرولینا مچووا سے شکست کھاگئیں، 8 سیڈ باربورا کرائیجکووا نے بھی دوسرے راؤنڈ میں ہمت ہاردی، 20 سیڈ وکٹوریہ آذرنیکا کو چین کی یفان وانگ نے ٹھکانے لگادیا، وانگ نے ابتدائی راؤنڈ میں 9 سیڈ ماریا سیکاری پر بھی غلبہ پایا۔

دفاعی چیمپئن کوکو گوف نے چوتھے مرحلے پر ہمت ہاردی، انھیں ایما نیوارو نے شکست دی، البتہ گوف نے تیسرے مرحلے میں الینا سویٹولینا، دوسرے میں ٹیٹجینا ماریا اور ابتدائی راؤنڈ میں وارویرا گریچیوا کو شکست سے دوچار کیا گیا تھا۔

کوئی تبصرے نہیں