سندھ گریجویٹس ایسوسی ایشن کراچی کے نومنتخب عہدیداران کی تعارفی تقریب کا انعقاد

Sindh Graduates Association

کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) سندھ گریجویٹس ایسوسی ایشن کراچی مدر برانچ کی نومنتخب عہدیداران کی تعارفی تقریب اسکاؤٹس آڈیٹوریم ہال، مولانا دین محمد وفائی روڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں مہمانوں کو تحائف اور سگا کے بیجز پیش کیے گئے۔ تقریب کی صدارت سندھ گریجویٹس ایسوسی ایشن کے بانی چیئرمین ڈاکٹر محمد سلیمان شیخ نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی کے طور پر وفاقی وزیر مدد علی سندھی، سگا کراچی کے صدر اے بی لاشاری، اشرف علی کھاوڑ، فتح محمد کھاوڑ، ڈاکٹر یار محمد کھاوڑ، یونس مہر اور دیگر نے خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سگا کے بانی چیئرمین محمد سلیمان شیخ نے کہا کہ ہم نو منتخب باڈی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب دوست سگا کی ترقی و تعمیر میں مدد کریں، سگا کے روشن تارا اسکول بہترین سرگرم عمل ہیں، ان کی تعداد میں اضافہ کرنے سے متعلق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ سگا کی نئی باڈی تنظیم کے منشور اور بہتر تجاویز کے تحت بہتر سرگرمی کا مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ میں بہت سے مسائل ہیں، جن کے حل لیے ہمیں باہمی طور پر جدوجہد کرنا ہوگی، تعلیم میں ہمیں آگے بڑھنا ہے کیونکہ ہماری ماضی کی شاندار تاریخ موجود ہے، انہوں نے کہا کہ جو بھی حکومتی ادارے ہیں وہ ہمارے ہی ہیں، جس کی مالکی کرنی ہوگی۔ سابق وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے کہا کہ سندھ گریجویٹس ایسوسی ایشن ایک فعال تنظیم ہے اور اس کی نومنتخب باڈی کے صدر اے بی لاشاری بھی ایک محنتی اور جفاکش شخص ہیں، ان کی مدبرانہ قیادت اور عمل سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ گریجویٹس ایسوسی ایشن نے سندھ کے حقوق کے لیے شاندار جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دوستوں کو بتایا کہ طلبا اور طالبات کے لیے اسلام آباد میں ایک ہاسٹل موجود ہے، اسی طرز پر سندھ کی دارالحکومت کراچی میں ہاسٹل قائم ہونی چاہیے، ماضی میں ایک ہاسٹل موجود تھا، جس کو چھینا گیا ہے۔ اس لیے سندھ کے دیہی علاقوں کے طلبا اور طالبات کے لیے کراچی میں ایک ہاسٹل ہونا چاہئے، جہاں وہ رہ کر اپنی تعلیم حاصل کرسکیں، اس حوالے سے ہمیں چندہ اکٹھا کرنا ہے یا حکومت سے گرانٹ لینی ہے، لیکن کراچی میں ہاسٹل بنانی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کراچی میں شاہ لطیف ہال بھی بنانا چاہیے، ان مسائل کے حل کے لیے سندھ کے ووٹرز کو اپنے منتخب اسمبلی ممبران کا احتساب کرنا چاہیے۔

SGA Sindh

سگا کراچی کے نومنتخب صدر اے بی لاشاری نے کہا کہ سندھ گریجویٹس ایسوسی ایشن سندھ کی ایک بہت بڑی اور سماجی تنظیم ہے، سگا کی جانب سے ہر ایک تحصیل میں روشن تارا اسکول قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا تعلق زراعت سے ہے اس لیے ملک میں زراعت کے شعبے پر بہت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، ہمارے یہاں زرعی شعبے سے حاصل ہونے والا خام مال بہت زیادہ موجود ہے، جس کو درآمد کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، اس خام مال کے ذریعے ہم بغیر کسی زرمبادلہ استعمال کرتے ہوئے صنعتی شعبے کی تمام ضروریات پوری کر سکتے ہیں، اور ان قائم ہونے والے صنعتی کارخانوں کے ذریعے ملک کے بے روزگار نوجوانوں کی بڑی تعداد برسرِ روزگار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کو ہمارا پیغام ہے کہ وہ ہمارے لوگوں کو روٹی نہیں کھلائے، انہیں کپڑے نہیں دے بلکہ انہیں کپڑے بنانے اور مچھلیاں پکڑنے سے متعلق ہنر سکھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سگا کے بانی ڈاکٹر محمد سلیمان شیخ کے نام پر کر رہے ہیں، جو سندھ میں بہترین کام کرنے والی شخصیات کو بطور اعزاز دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سگا سندھ کی خدمت کرنے والی ایک تنظیم ہے، جس کی بالخصوص علم و ادب میں بہت خدمات ہیں۔

تقریب میں سگا کراچی کی کاروباری کمیٹی کے ممبران سمیت نئے ممبران کو سندھ کا تحفہ اور سگا کے بیجز پیش کیے گئے۔ تقریب میں پانی پر تحقیق کرنے والے سندھ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر یار محمد کھاوڑ کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ تفویض کیا گیا، جبکہ سگا کے بانی ڈاکٹر سلیمان شیخ اور سابق وفاقی وزیر مدد علی سندھی کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ تقریب میں وکلائ، صحافیوں، ادیبوں، دانشوروں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر محفل موسیقی پیش کی گئی۔

کوئی تبصرے نہیں