بزم ”ادب امروز“ کا عید ملن مشاعرہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اس بار ماہانہ ادبی نشست میں عید ملن مشاعرے کا اہتمام کیا گیا،”بزم جاوید اقبال“ پاکستان کا اشتراک حاصل تھا جو عرفان عابدی کے لائیبریری لان میں منعقد ہوا۔ فیروز ناطق خسرو کی صدارت میں ڈاکٹر خالد محمود قیصر مہمان خصوصی، اور ڈاکٹر رانا افتخار احمد ملک مہمان اعزازی تھے، جبکہ جاوید اقبال نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ انھوں نے آیات کی تلاوت بھی کی، سعد الدین سعد نے خوبصورت نعت پیش کی صدر محفل نے تمام شعرا و شاعرات کو عید کی مبارک باد پیش کی اور کہا یہ عید نہ صرف ایک دینی فریضہ ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کے حکم پر اس قربانی کی یاد دلاتی ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام نے لازوال جذبے کے تحت پیش کر کے ہمیشہ کے لیے دین کا جز بنا دیا جسے ہر صاحب استطاعت کوکرنے پر پروردگار عالم کی خوشنودی قرار دیا۔
بعدہ جاوید اقبال نے مشاعرے کا آغاز خود اپنے کلام سے کیا، اس کے بعد حاضر شعرا اور شاعرات کو یکے بعد دیگرے کلام شاعر بہ زبان شاعر سنانے کی دعوت دی، جن حضرات نے سامعین کو اپنے کلام سے نوازا، ان کے اسماء درج ذیل ہیں۔ ڈاکٹر مختار حیات(سرپرست بزم ادب امروز)، سعد الدین سعد، رفیق مغل ایڈوکیٹ، دلشاد خیال ایڈوکیٹ، شمس الغنی، یوسف چشتی، شجاع الزماں شاد، عرفان عابدی (بانی بزم ادب امروز)، افضل ہزاروی، جاوید شیخ، صدیق راز ایڈوکیٹ، ہما بیگ، عروج واسطی، افسر علی افسر، ہما اعظمی، یاسمین یاس، تاج علی رانا، جوا لدھانی، دلشاد دھلوی، ایوب الحسن، مظہر اظہار مہدی اور تاجور شکیل نے اپنے کلام سے داد و تحسین حاصل کی۔
مشاعرے کے بعد بانی بزم ادب امروز نے صاحبان شہ نشین، بزم کے بنیادی اراکین کے علاوہ خصوصی مہمانان کو ”یادگاری شیلڈز“ اور اجرکیں تحفے میں پیش کیں جو ہمارے صوبہ سندھ کی ثقافت کی مضبوط علامت ہے۔
عید ملن مشاعرے میں بطور سامعین حضرات میں معروف شاعر اختر شاہ، کئی کتابوں کے مصنف ومولف نور علی عابدی، ایم آئی ایم اسٹوڈیو کے میڈیا کوآرڈی نیٹر وسیم مرزا اپنی ٹیم کے ساتھ اور چند دیگر حضرات بھی موجود تھے، بعدہ ایک مختصر فوٹو سیشن کے بعد عشائیے سے حاضرین کی تواضع کی گئی، اس طرح یہ یادگار ”عیدملن مشاعرہ“ اختتام پذیر ہوا۔
کوئی تبصرے نہیں
Please do not enter any spam link in the comment box.