کراچی سے کچرا اُٹھانے اور صفائی کے عمل کو یقینی بنایا جائے،سید ناصر حسین شاہ



کراچی(نمایندہ ٹیلنٹ) وزیرِ بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا سولہواں اجلاس آج محکمۂ بلدیات سندھ کے دفتر میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر قانون اور کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، سیکریٹری بلدیات سندھ نجم شاہ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر زبیر چنہ اور دیگر افسران موجود تھے۔

اجلاس میں کراچی کے مختلف اضلاع سے کچرا اٹھانے کے لئے کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کے لئے قواعد و ضوابط کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور کچرا اٹھانے والی کمپنیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ہدایات دیں کہ کراچی سے کچرا اُٹھانے اور شہر میں صفائی کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی مرکز اور سندھ کا دارالحکومت کراچی کے صفائی ستھرائی کے نظام کو بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق استوار کرنا سندھ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ اس مقصد کے لیے بلدیاتی افسران اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور تندہی سے کام کریں۔ انہوں نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران سے کہا کہ وہ کراچی شہر سے کچرا اُٹھانے کے کام کی ہمہ وقت نگرانی کو یقینی بنائیں اور کچرا اُٹھانے والی کمپنیوں اور عمال کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے مساعی عمل میں لائیں۔

کوئی تبصرے نہیں