گاربین مگروزا کے کیریئر میں نیا موڑ آگیا

تحریر: حماد عزیز

اسپینش ٹینس اسٹارگاربین مگروزا کے کیریئر میں نیا موڑ آگیا، انھوں نے گزشتہ دنوں سیزن کی اختتامی ڈبلیو ٹی اے ٹرافی جیت کر ناقدین کو حیران کردیا، گذشتہ چند برسوں سے انھیں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو پا رہے تھے لیکن دنیا کی ٹاپ 8 پلیئرزکے درمیان منعقدہ ایونٹ میں ان کی بے مثال پرفارمنس نے آنے والے سیزن میں حریفوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، مگروزا نے فائنل میں اسٹونیا کی اینیٹ کونٹا ویٹ کو شکست سے دوچار کیا تاہم وہ بھی فائنل تک رسائی کی بنیاد پر عالمی رینکنگ میں بہتری کی حقدار بنیں، چار برس قبل گاربین نے ومبلڈن فائنل میں سرینا ولیمز کو شکست دیکر کیریئر کا پہلا گرینڈ سلم اپنے نام کیا تھا، اس وقت وہ دنیائے ٹینس میں بلندی پر دکھائی دے رہی تھیں لیکن اس کے بعد وہ پرفارمنس میں تسلسل برقرار نہیں رکھ پائیں۔



 اس وقت 23 سال کی  مگروزا نے تمام طرز کے میدانوں میں اپنی مہارت کا لوہا منوایا، اسی دوران انھوں نے عالمی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن بھی پائی اور اسے چار ہفتوں تک برقرار بھی رکھا تھا، تاہم اس کے بعد اگلے تین برسوں میں وہ خاطرخواہ پرفارمنس پیش نہیں کر پائیں، تاہم اب 28 سالہ مگروزا نئے انداز میں واپس آئی ہیں، وہ سیزن کے اختتام پر عمررسیدہ چیمپئن بننے کا اعزاز بھی پانے میں کامیاب رہیں، ان سے قبل یہ منفرد اعزاز 7 برس پہلے سرینا ولیمز کو ملا تھا، اس موقع پر جذبات کا اظہار کرتے ہوئے مگروزا کا کہنا تھا کہ حالیہ فتح نے مجھے آئندہ برس کے لیے بہترین پوزیشن میں لا کھڑا کیا ہے، میں اس پر بہت خوش اور مطمئن ہوں اور اپنے عمدہ کھیل کا سلسلہ نئے سیزن میں بھی جاری اور برقرار رکھنا چاہوں گی۔



     دوسری جانب سیزن کے اختتامی ایونٹ کی ڈبلز ٹرافی جمہوریہ چیک کی باربورا کرائی جیکووا اور کیٹرینا سیناکووا کے نام رہی، انھوں نے فائنل میں چائنیز تائپے کی ہائش سو وائی اور بیلجیم سے تعلق رکھنے والی الیسی مارٹنز کو زیر کیا، فاتح جوڑی نے پہلی بار سیزن کے اختتامی ایونٹ کی ڈبلز ٹرافی قبضے میں کی ہے، اس کامیابی کیساتھ ہی سیناکووا نے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن بھی یقینی بنالی، وہ اب ہائش سو وائی کی جگہ اس پوزیشن پر فائز ہوں گی، جمہوریہ چیک کی جوڑی نے سیزن میں پانچواں ٹائٹل جیتا، وہ اس سے قبل فرنچ اوپن اور اولمپک گولڈ میڈل بھی نام کرچکی ہیں، سیزن کی اختتامی چیمپئن شپ میں اس سے قبل ان کی بہترین پرفارمنس 2018 میں رنر اپ کے طور پر اختتام کرنا تھی، تین برس قبل ٹیمیا بابوس اور کرسٹینا میلڈینووک نے انھیں فائنل تک محدود کردیا تھا۔



ادھر سیزن کے اختتامی اے ٹی پی میں عالمی نمبر ون نووک جوکووچ نے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی پالی ہے، وہ سیزن کے اختتام بطور نمبر ون پلیئر کرنا بھی یقینی بنا چکے، سربین اسٹار فائنل 4 میں جرمنی کے الیگزینڈر زیوریف کا سامنا کریں گے، جوکووچ نے راؤنڈ روبن مرحلے میں کیسپر رووڈ اور آندرے روبیلوف کے خلاف فتوحات سمیٹی ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں