عوام مہنگائی اور غربت کی چکی میں پس رہے ہیں، ناصر الدین محمود

کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری اور سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے رکن ناصر الدین محمود نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی اور غربت کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ حکمراں دادرسی کے بجائے نئے ایشوز کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی کرپشن اور نااہلی کے سبب روز بروز بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور مہنگائی نے ملکی مسائل کو بہت پیچیدہ بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمراں اپنی عیاشی اور شاہ خرچیاں ختم کرنے کے بجائے عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبا کر رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا قومی مسئلہ ملک سے غربت کا خاتمہ اور معیشت کی بحالی ہے لیکن حکومت میں شامل افراد ایمرجنسی اور صدارتی نظام کے نفاذ کی بحث شروع کر کے قوم کو ایک اور نان ایشو میں مصنوعی طریقے سے مصروف رکھنا چاہتے ہیں تاکہ عوام کی توجہ دوسری جانب منتشر رکھی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور نااہل حکومت قوم کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ناصر الدین محمود نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل موجودہ نظام کی تبدیلی اور اس کی جگہ صدارتی یا کسی اور نظام میں نہیں بلکہ حقیقی پارلیمانی نظام کے نفاذ میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے آج تک ملک میں حقیقی جمہوریت نافذ نہیں ہو سکی، یہ تمام مسائل اسی کا پیش خیمہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ مسائل سے نکالنے کا واحد راستہ ملک میں فی الفور شفاف انتخابات کا انعقاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فوری منصفانہ انتخابات منعقد کرواکر منتخب ہونے والی جماعت کو اقتدار اور اختیار منتقل کیا جائے۔

کوئی تبصرے نہیں