آتشزدگی سے متاثرہ دکانوں کے تاجروں کی مالی معاونت کے معاملات جلد مکمل کئے جائیں گے،ناصر حسین شاہ
کراچی(نمایندہ ٹیلنٹ) وزیر بلدیات،دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے آج کراچی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (کے سی سی آئی) میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کوآپریٹیو مارکیٹ صدر کراچی اور وکٹوریہ مارکیٹ صدر میں جل جانے والی دکانوں کے مالکان کی مدد کرنے کے لئے پرعزم ہے اور مارکیٹ کمیٹی کے تاجروں کے نمائندوں کے لگائے گئے تخمینے کے مطابق فنڈ کی بروقت فراہمی کے لئے کوششیں جاری ہیں، سندھ حکومت بہت جلد یہ مسئلہ حل کرے گی تاکہ تاجر عید سیزن کا کاروبار کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صدر کی مارکیٹوں میں لگنے والی آگ سے متاثرہ
تاجروں کے کاروبار کی بحالی کے لئے فکرمند ہیں اور ان کی واضح ہدایات ہیں کہ متاثرہ
تاجروں کو جلد از جلد مالی معاونت کے اقدامات کو مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید
مراد علی شاہ بھی اس معاملے کو جلد حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور سندھ حکومت کے وزراء سعید غنی، جام اکرام اللہ دھاریجو،
ایڈ منسٹریٹر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی اور سندھ
کابینہ کے دیگر وزراء ان مارکیٹوں کے متاثرین کی مدد کے لئے مستقل رابطے میں ہیں اور
بہت جلد متاثرہ تاجروں کو خوشخبری ملے گی۔
اس موقع پر کراچی چیمبر آف
کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق صدر زبیر موتی والا، کے سی سی آئی کے دیگر عہدیداران کے
ساتھ صدر کوآپریٹیو مارکیٹ کے صدر محمد فیروز اور دیگر عہدیدار اور وکٹوریہ مارکیٹ
صدر کے تاجروں کے نمائندوں نے اپنے مسائل پیش کئے اور بتایا کہ ڈھائی ماہ قبل کوآپریٹیو
مارکیٹ صدر میں لگنے والی آگ میں تقریباً 500 دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں اور تاجر
سڑک پر آگئے جبکہ وکٹوریہ مارکیٹ صدر میں لگنے والی آگ میں پانچویں منزل کی تمام دکانیں
جل گئیں۔ ان دونوں مارکیٹوں کے تاجر اب سندھ حکومت سے دوبارہ کاروبار شروع کرنے اور
دکانوں کی تعمیر و مرمت کے لئے مدد کے خواہاں ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں