حکومت ملک میں بدعنوانی اور کرپشن میں اضافے کا سبب بنی ہے، ناصر الدین محمود

کراچی(نمایندہ ٹیلنٹ) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کی حکومت ملک میں بدعنوانی اور کرپشن میں اضافے کا سبب بنی ہے۔ سب کو چور کہنے والے اور ڈاکو کی گردان کرنے والے عمران خان خود ملکی تاریخ کے سب سے بڑے چور اور ڈاکو نکلے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری اور سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے رکن ناصر الدین محمود نے مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرپشن اور بدعنوانی میں عمران خان کے دورے حکومت میں ہر سال مسلسل اضافہ ہورہا ہے جو عمران خان کے کرپٹ اور بدعنوان ہونے کی مستند دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کردیا کہ عمران خان چور، ڈاکو اور بدعنوان ہونے کے ساتھ ساتھ انتہا درجے کے نااہل بھی ہیں جن کے دورے حکومت میں ملک بدترین معاشی بدحالی کا شکار ہوا۔ ناصر الدین محمود نے کہا کہ اب دھمکیاں دینے کے بجائے استعفی دے کر گھر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں پوشیدہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب کا کورنگی میں فیملی پارکس اور شاہ فیصل کالونی میں فلاور شو کا افتتاح

انہوں نے کہا کہ مزید وقت ضائع کئے بغیر ملک میں ہرطرح کے دباؤ سے پاک انتخابات کروائے جائیں اور منتخب ہونے والی جماعت کو اقتدار کے ساتھ ساتھ اختیار بھی منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت صرف اور صرف مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہی کے پاس ہے۔ اس موقع پر محسن جاوید، نوشاد اختر، ظاہر شاہ دہلوی، عارف حسین، حاجی نذر، بخت علی شاہ، زیب عمر خان، ثناور خان، جمال نیاز، محمد احسان، ندیم جمال، نصیر احمد اور واجد حسین کے علاوہ بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔

کوئی تبصرے نہیں