اکادمی ادبیات پاکستان اور آذربائیجان کے نظامی گنجوی ادارہ ادب کے مابین مفاہمتی معاہدہ

najeeba arif


اسلام آباد (نمایندہ ٹیلنٹ) وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدرِ مملکت الہام ایلیوف کی موجودگی میں اکادمی ادبیات پاکستان اور آذربائیجان کے نظامی گنجوی ادارہ ادب کے مابین ایک مفاہمتی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ پاکستان کی جانب سے صدرنشین اکادمی ادبیات پاکستان پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف نے جب کہ آذربائیجان کی جانب سے اسلام آباد میں متعین آذربائیجان کے سفیر جناب خضر فرہادوف نے اس تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں دونوں دوست ممالک کے درمیان مختلف شعبوں کے متعدد مفاہمتی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ 11 جولائی 2024ءکو وزیرِ اعظم ہاؤس میں منعقد ہونے والی اِس پروقار اعلیٰ سطحی تقریب میں پاکستان کی کابینہ کے اراکین اور بین الاقوامی مندوبین سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اِس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے اہلِ قلم کے باہمی دَوروں، کتاب میلوں، ایک دوسرے کی زبانوں میں تراجم، دو طرفہ تربیتوں، اور باہمی ادبی مشترکات سمیت متعدد ادبی سرگرمیاں سرانجام دی جائیں گی۔ صدرنشیں ڈاکٹر نجیبہ عارف نے کہا کہ پاکستانی ادب کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کی مساعی ان کی ترجیحات میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ادبی و ثقافتی روابط ہی دوسرے شعبہ ہائے زندگی میں روابط کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ انھوں نے آذربائیجان کے سفیر کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا جو گزشتہ ماہ اپنی گونا گوں مصروفیات کے باوجود اکادمی ادبیات پاکستان کی تقریبِ تقسیمِ اعزازات میں شریک ہوئے تھے اور جنھوں نے ادب کے شعبے میں اِس مفاہمتی معاہدے کے لیے خصوصی دلچسپی لی۔

کوئی تبصرے نہیں