ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب کا کورنگی میں فیملی پارکس اور شاہ فیصل کالونی میں فلاور شو کا افتتاح
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کراچی کو روشنیوں کا شہر بنائیں گے، آج شہر تیزی کے ساتھ ترقی کی جانب گامزن ہے۔ پیپلز پارٹی ہی کراچی سے عوامی محرومیوں کا خاتمہ کرکے خوشحالی لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ کورنگی کے تحت کورنگی میں 3 فیملی پارکس کی تزئین و آرائش کے بعد افتتاح اور شاہ فیصل کالونی میں جشن بہاراں فلاور شو کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کورنگی سلیم اللہ اوڈھو، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی جاوید الرحمن کلہوڑ، میونسپل کمشنر ماجد علی، ڈائریکٹر پارکس وقاص سومرو اور دیگر موجود تھے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شاہ فیصل کالونی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی شہر کراچی کی ترقی کے لئے تیزی کے ساتھ کام کر رہی ہے، اس وقت سندھ حکومت کی جانب سے شہر میں متعدد میگا عوامی منصوبوں پر کام جاری ہے، انشا اللہ منصوبوں کی تکمیل کے بعد شہر کراچی کی نہ صرف ترقی میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کو درپیش مسائل اور محرومیوں سے بھی نجات حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا شہر کراچی ماضی کی بہ نسبت بہت تبدیل ہو چکا ہے، ہم انھی وسائل کو بروئے کار لاکر شہر کی ترقی اور عوام کے مسائل حل کر رہے ہیں جنہیں شہر کے سابقہ کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے منتخب نمائندوں نے اختیارات اور وسائل نہ ہونے کا رونا روکر عوام کو مسائل سے دوچار کر رکھا تھا اور ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شہر کو ترقی سے دور رکھا گیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور شہر کراچی کی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے وژن پر عمل کر کے انہیں مسائل اور محرومیوں سے چھٹکارہ اور شہر کراچی کو ترقی سے ہمکنار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں شہر کی ترقی اور عوام کو بڑے بڑے منصوبے دیے انشا اللہ ایکسپریس وے، فلائی اوورز، پلوں اور شاہراہوں کا جال بچھایا جائے گا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بلاول بھٹو کی ہدایت پر سندھ حکومت شہر کراچی میں پینے کے صاف پانی اور سیوریج سسٹم کی بحالی کے میگا پروجیکٹ پر کام کر رہی ہے جس سے شہر کراچی کے باسیوں کو ریلیف ملے گا۔ میڈیا نمائندوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ریٹائرڈ ملازمین کے بقایا جات اور پنشن کے حوالے سے مسائل کو جلد حل کیا جائیگا، ملازمین کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، انشا اللہ آئند ایک ماہ میں ریٹائرڈ ملازمین کے بقایا جات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائیگا۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ نے خصوصی ہدایت دے دی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ڈی ایم سی کورنگی محکمہ پارکس ڈیپارٹمنٹ کی شاندار کاوشوں کو سراہتے ہوئے سرسبز ماحول کے فروغ، پارکوں کی تعمیر و ترقی اور تزئین و آرائش اور فلاور شو کے انعقاد کو احسن قدم قرار دیا ۔
کوئی تبصرے نہیں