شین وارن
تحریر : حماد عزیز
آسٹریلوی اسپنر شین وارن
گزشتہ دنوں تھائی لینڈ میں چھٹیاں منانے کے
دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگئے، ان کی المناک موت سے لیگ اسپن بولنگ کا ایک عہد
ختم ہوگیا۔ ریکارڈ ساز اسپنر اپنی مہارت کے سبب کئی دہائیوں تک عالمی کرکٹ میں چھائے
رہے، موت سے قبل وہ مختلف چینلز پر بطور ماہر اپنی رائے کا اظہارکرتے رہے تھے۔ ان کی
ناگہانی موت پر دنیائے کرکٹ سوگوار ہے اور ان کی تدفین رواں ماہ کے اواخر تک میلبورن
میں ہوگی۔ آنجہانی آسٹریلوی اسپنر شین وارن کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کا سبب قدرتی
وجوہات قرار دے دی گئیں، جس کے بعد ان کی موت پر پائے جانے والے شکوک وشبہات ختم ہوگئے۔
گزشتہ دنوں تھائی پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے ولا سے دوران تفتیش انھیں فرش اور
باتھ روم کے تولیے پر خون کے دھبے ملے تھے اور اس کے علاوہ کمرے کے فرش پر بھی خون
کی خاصی مقدار پائی گئی تھی، تاہم پوسٹ مارٹم میں ان کی موت طبعی قرار دے دی گئی ہے۔
وہ گزشتہ دنوں تھائی لینڈ
میں واقع لگژری ولا میں اپنے دوستوں کے ہمراہ چھٹیاں گزارنے پہنچے تھے لیکن یہاں ان
کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس نے تصدیق کر دی کہ ان کی موت میں کوئی مشکوک چیز نہیں پائی
گئی۔ ان کی موت کا سبب قدرتی وجوہات رہیں، جو ممکنہ طور پر ہارٹ اٹیک بیان کی گئی ہیں۔
تھائی پولیس کے لیفٹیننٹ جنرل سوراشتے ہاکپارم کا کہنا ہے کہ شین وارن کی موت پر چند
روزہ تحقیقات میں کوئی غلط بات سامنے نہیں آئی۔ شین وارن کے اہل خانہ کو پوسٹ مارٹم
کے نتائج سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ان کا جسد خاکی وطن واپسی کے لیے آسٹریلین قونصلر
کے سپرد کر دیا گیا۔
تفتیش کاروں کو پوسٹ مارٹم
کے نتائج موصول ہو جانے پر ان کی موت کا معاملہ حل ہوگیا۔ طبی ماہرین نے ان کی موت
کا سبب قدرتی قرار دیا ہے۔ ریزورٹ میں ان کے ہمراہ قیام کرنے والے ان کے دوست ٹام ہال
کا کہنا ہے کہ کرکٹر کے کمرے میں کوئی غیر معمولی چیز نہیں پائی گئی ہے۔ اس سے قبل
تھائی پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ وارن کو استھما اور دل کے مسائل بھی درپیش تھے۔
دوسری جانب میلبورن میں ان کی آخری رسومات کی تیاریاں جاری ہیں۔ ایم سی جی گرائونڈ
پر ممکنہ طور پر ایک لاکھ افراد اس میں شریک ہوں گے۔ ان کے قریبی دوست اور رفقا بھی
اس موقع پر یکجا ہوں گے۔ ان کی عوامی میموریل سروس کی تاریخ کا فیصلہ جلد کر لیا جائے
گا، جو ممکنہ طور پر رواں ماہ کے اواخر تک ہوگی۔
کوئی تبصرے نہیں