”سستا راشن و گوشت کیمپ“ کا انعقاد، عوامی خدمت تحریک لبیک کی سیاست کی بنیاد ہے، علامہ جنید ہاشمی
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) مہنگائی
کی چھری تلے دبے، آمدنیاں محدود اور اخراجات لامحدود کی صورتحال سے نبرد آزما عوام
الناس کو رشتہ جسم و جاں برقرار رکھنا محال ہو گیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے
کو مورد الزام ٹھہرا کر پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کریں۔ پیٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے
کے باعث مہنگائی کا جو طوفان آیا ہے ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ غریب و متوسط طبقے
کی مدد کے لیے وسائل رکھنے والے خدمت خلق کے جذبہ کے ساتھ میدان عمل میں اتریں اور
ضرورت مندوں کی حتی الامکان مدد کریں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک لبیک پاکستان کے نائب
ناظم اعلیٰ کراچی جنوبی علامہ صاحبزادہ جنید ہاشمی نے گزشتہ روز PS-109 کی UC-23 کے
زیر اہتمام نانک واڑہ ، لیڈی ڈفرن ہسپتال کے قریب “سستا راشن و گوشت کیمپ” کے شرکا
سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر علامہ عمیر ترابی قادری یوسی 23 کے امیر ابراہیم قادری و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کیمپ کے منتظمین میں زین قادری، ساجد حبیب میمن، ابراہیم گلریا، زین میمن، سید علی اصغر، عبدالصمد قادری، عبدالحسیب و دیگر کارکنان شامل تھے۔ علامہ صاحبزادہ جنید ہاشمی نے کہا کہ TLP کی سیاست کی بنیاد عوامی خدمت ہے اور آج منعقدہ سہولت کیمپ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و سماجی تنظیمیں خدمت کو اپنا شعار بنالیں تو عوام کے بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
سستا راشن و گوشت کیمپ صبح 11 بجے تا شام جاری رہا جس میں 300 سے زائد لوگوں نے اپنے گھرانوں کے لیے مارکیٹ نرخ سے نہایت کم قیمت پر اشیائے ضروریہ حاصل کیں۔ عوام کی اکثریت نے کیمپ کے انعقاد پر TLP کارکنان کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے منتظمین سے کہا کہ وہ دیگر علاقوں میں بھی اپنی ان مثبت سرگرمیوں کا دائرہ وسیع کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند سہولتوں سے فیض یاب ہو سکیں۔
کوئی تبصرے نہیں