فٹبال ٹیم کے سابق کپتان و انٹرنیشنل فٹبالر علی نواز بلوچ طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) صدارتی ایوارڈ یافتہ  پاکستان فٹبال ٹیم کے سابق کپتان و  انٹرنیشنل فٹبالر علی نواز بلوچ طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، ان کی عمر78 برس تھی، پاکستان فٹبال کی تاریخ میں اہم کردار ادا کرنے والے علی نواز بلوچ نے آر سی ڈی فٹبال کپ میں 1974  سے 1980 تک پاکستان کی قیادت کی، علی نواز کو 1960 میں  برصغیر کے مشہور فٹبال کلب کلکتہ محمڈن کی  نمائندگی کا بھی اعزاز حاصل  رہا، انہوں نےمتحدہ عرب امارات میں  امارات کلب کی جانب سے  پروفیشنل فٹبال  کھیلی اور کوچنگ کی، سینٹر فارورڈ کی پوزیشن پر کھیلنے والے علی نواز بلوچ نے  مختلف میچز میں ہیٹ ٹرک بھی کیں جبکہ کلکتہ محمڈن  کی جانب سے  اماراتی ٹیم کے خلاف ان کی ٹریپل ہیٹ ٹرک یادگار ہے۔

 علی نواز بلوچ کو متحدہ عرب امارات کی جانب سے شہریت کی پیشکش کی گئی لیکن وہ پاکستان آ گئے تھے، پی آئی اے سے منسلک رہنے والے علی نواز پاکستان فٹبال فیڈریشن کے 16 برس تک نائب صدر رہے جبکہ حکومت پاکستان نے فٹبال کے کھیل میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں علی نواز بلوچ کو حکومت پاکستان نے 1996 میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا تھا، لیاری سے تعلق رکھنے والے علی نواز بلوچ کی جائے پیدائش کے علاقہ کی سڑک کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا۔

کوئی تبصرے نہیں