کے الیکٹرک: بڑی تعداد میں ملازمتیں ختم کرنے کا فوری نوٹس لیا جائے، امتیاز احمد شیخ
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے آج وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان کو لکھے گئے اپنے خط میں کے الیکٹرک کے محنت کشوں اور ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کے عمل پر فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔امتیاز شیخ نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ بڑی تعداد میں کے الیکٹرک کے ملازمین بالخصوص سندھ سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی نوکریاں بغیر کسی وجہ کے ختم کرنے یا ان ملازمین سے زبردستی استعفے لیے جانے کا نوٹس لیا جائے اور ملازمین کی جائز تکالیف کے فوری ازالے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
وزیر توانائی سندھ امتیاز
احمد شیخ نے اپنے خط میں مزید لکھا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ سندھ کے عوام سیلابی
تباہ کاریوں کے باعث روزی روٹی کے لیے پریشان ہیں، آفت اور مشکل کی اس گھڑی میں کسی
قسم کے قانونی ضابطوں کو پورا کیے بغیر کے-الیکٹرک ملازمین اور محنت کشوں کی بڑی تعداد
میں نوکریاں ختم کردینے سے صوبے کے عوام کی پریشانیوں، تکالیف اور مشکلات کا بوجھ مزید
بڑھادیا گیا ہے۔وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے تجویز دی ہے کہ وفاقی وزیرِ توانائی
کی موجودگی میں ایک اجلاس منعقد کرکے اس مسئلے کا قابلِ عمل حل نکالا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ سندھ حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے، امتیاز شیخ
انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ
اس دوران محکمہ توانائی سندھ، محکمہ محنت کی مشاورت کے ساتھ کے الیکٹرک ملازمین اور
محنت کشوں کی شکایات کے ازالے کے لیے سیل قائم کررہی ہے تاکہ اس سیل میں کے الیکٹرک
ملازمین کی درخواستیں وصول کی جائیں اور ان درخواستوں کی روشنی میں قانونی کارروائی
کی جاسکے۔
کوئی تبصرے نہیں