حکومت سندھ فرسٹ ویمن بینک کی جانب سے خواتین کو فراہم کیے جانے والے قرض پر مارک اپ سبسڈی مہیا کرے گی، قاسم نوید قمر



کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) سندھ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور کاروبار سے وابستہ خواتین کو بنک قرضے پر سبسیڈاٹزڈ کریڈٹ کی سہولت مہیا کرنے کا ایک موثر پروگرام رکھتی ہے۔ یہ بات وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پراجیکٹس سید قاسم نوید قمر نے آج سندھ انٹر پرائز ڈیولپمنٹ فنڈ (ایس۔ای۔ڈی۔ایف) اور فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کے مابین ایک معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ معاہدے پر ایس ایم ڈی ایف کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر خضر پرویز اور فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر فرخ اقبال خان نے دستخط کئے۔ معاہدے پر دستخطوں کی یہ تقریب فرسٹ ویمن بینک کے ہیڈ آفس کراچی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر سیکریٹری سرمایہ کاری سندھ سید منصور عباس رضوی ، ایس ای ڈی ایف اور فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کے افسران بھی موجود تھے۔



وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس معاہدے کے تحت سندھ حکومت ایس ای ڈی ایف کے ذریعے فرسٹ ویمن بینک کی جانب سے خواتین کو فراہم کئے جانے والے قرض پر مارک اپ سبسڈی مہیا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار بالخصوص دیہی معیشت سے وابستہ خواتین کو کاروبار میں مدد ملے گی۔

 انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ایس ای ڈی ایف کے قیام کے ذریعے (اسمال اینڈ میڈیم) چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کرنے والوں کو سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کئے ہیں اور حکومت چاہتی ہے کہ اسمال میڈیم انٹرپرائز کو فروغ دے کر صوبے کی معیشت بالخصوص دیہی اور زرعی معیشت کو مضبوط کیا جائے اور معاشی و کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایس ای ڈی ایف اور فرسٹ ویمن بینک کے مابین آج کے معاہدے سے خواتین کو خاطر خواہ مدد ملے گی۔

کوئی تبصرے نہیں