پہلی نیشنل بلائنڈ فٹبال اینڈ جوڈو چیمپئن شپس کا 10فروی سے آغاز



کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) بینائی ایجوکیشن  فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پہلی نیشنل بلائنڈ فٹبال اینڈ جوڈو چیمپئن شپ کراچی میں کھیلی جائے گی جو کہ انٹر نیشنل سیریز اور ورلڈ بلائنڈ گیمز کے سلسلے کی تیاریوں کا بھی حصہ ہے، یہ بات بینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سی ای او سلمان الہٰی اورچیئر پرسن میڈم ثروت نسیم شاہ نے کراچی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بتائی، اس موقع پربینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ایونٹ ڈائرکٹر امتیاز شیخ، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری اصغر بلوچ، نیا ناظم آباد کے اسپورٹس آفیسر محمدآصف اور انٹر نیشنل فٹبال کوچ و آرگنائزر ناصر اسماعیل بھی موجود تھے۔

بینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی چیئر پرسن میڈم ثروت شاہ نے مزید بتایا کہ بصارت سے محروم افراد میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن، پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن، روٹری کلب آف کراچی، وژیلی امپئرڈ پرسن، آر آئی ڈی 3271 کے زیر اہتمام اور ضامن بلڈرز، ڈائیوو ایکسپریس، سندھ جوڈو ایسوسی ایشن، ناصر اسماعیل فٹبال اکیڈمی، نور الہدیٰ ایجوکیشن، ایم ایف ایم، ڈیزائن پرو، بخش بلڈرز، ایان محمد، فائزہ نعیم، تماذ میجیکل بیوٹی، سلور سینڈ اور آئی بی ایس اے کے تعاون سے تین روزہ چیمپئن شپس نیا ناظم آباد اسپورٹس کمپلیکس پر 10 سے12 فروری 2023 تک منعقد کی جائیں گی جن میں ملک بھر سے بصارت سے محروم کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بلائنڈ اسپورٹس کے حوالے سے ابھی بھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، بینائی فاؤنڈیشن کے بینر تلے ہم اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ بصارت سے محروم افراد کی صحتمندانہ سرگرمیوں کے سلسلے میں کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ بصارت سے محروم افراد کا کھیلوں کے حوالے سے احساس محرومی بھی دور ہو سکے۔

بینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سی ای او سلمان الہیٰ کا کہنا تھا کہ تین روزہ فرسٹ نیشنل بلائنڈ جوڈو اینڈ فٹبال چیمپئین شپس میں ملک کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے 50سے زائد نابینا کھلاڑی، کوچز، اسسٹنٹ کوچز اور آفیشلز شرکت کریں گے، افتتاحی تقریب 10 فروری کی صبح 9 بجے منعقد کی جائے گی جس کے بعد مقابلوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا یہ چیمپئن شپس آئندہ آنے والی انٹر نیشنل سیریز اور ورلڈ بلائنڈ گیمز کے سلسلے میں تیاریوں کا بھی حصہ ہے۔12 فروری کی شام چار بجے اختتامی تقریب منعقد کی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ میڈیا سے ہماری درخواست ہے کہ ان ایونٹس کو نمایاں طور پر شائع کریں تاکہ ہماری حوصلہ افزائی ہو سکے۔ 

ایونٹ ڈائرکٹر امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ بینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے 2016سے اب تک بصارت سے محروم افراد کے لئے نیشنل لیول کے 10 ایونٹس منعقد کئے جا چکے ہیں فرسٹ نیشنل بلائنڈ فٹبال اینڈ جوڈو چیمپئن شپ کے لئے سندھ جوڈو ایسوسی ایشن، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن اور ناصر اسماعیل فٹبال اکیڈمی کی معاونت بھی ہمیں حاصل ہے۔ بینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا بصارت سے محروم افراد کی اسپورٹس سرگرمیوں کے حوالے سے اہم کردار رہا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اس کار خیر میں ہر ایک کو اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔

کوئی تبصرے نہیں