اسپورٹس جرنلسٹس وفد کی معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ سے ملاقات



کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن (پی ایس ڈبلیو ایف) کے سیکریٹری اصغر عظیم کی قیادت میں اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف سندھ (سجاس) کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ سے میں ملاقات کی، وفد میں سجاس کے سینئر نائب صدر محمود ریاض، سیکریٹری شاہد عثمان ساٹی، سیکریٹری اطلاعات جعفر حسین، سیکریٹری فنانس شاہد انصاری، ممبر ایگزیکٹو کمیٹی ارشد وہاب، پی ایس ڈبلیو ایف کے سابق نائب صدر سید نصر اقبال او سجاس کے رکن سینئراسپورٹس جرنلسٹ عتیق الرحمن شامل تھے۔ اصغرعظیم اور محمود ریاض نے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کوسجاس کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پرارباب لطف اللہ کا کہناتھا کہ اسپورٹس جرنلسٹس کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا خوش آئند ہے، کسی سالانہ گرانڈ کے بغیر اپنے ممبران کی فلاح بہبود کے لیے سجاس کا کردارقابل ستائش ہے، حکومت سے سجاس کو سالانہ گرانٹ دینے کے لئے بات کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر محکمہ کھیل نے صوبے بھر میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کا جال بچھا دیا ہے، رواں ماہ مکمل ہونے والے 22 منصوبوں کا افتتاح کردیا جائے گا۔ ارباب لطف اللہ نے کہا کہ سندھ گیمز کے انعقاد میں حائل مسائل حل ہوگئے ہیں۔ انتخابات سے قبل سندھ گیمز کے انعقاد کا پلان تیار کیا ہے۔

 ملاقات کے دوران اصغر عظیم نے صوبے میں کھیل اور کھلاڑیوں کے مفاد میں سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور سجاس کے لیے سالانہ گرانٹ کی درخواست کی۔ سجاس کے سیکریٹری شاہد عثمان ساٹی کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی فلاح بہبود کے لئے حکومت سندھ نے جو اقدامات کئے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں۔ سجاس سندھ حکومت کے تعاون سے اپنی سرگرمیوں کو مزید بہتر کرنے کی خواہشمند ہے۔

کوئی تبصرے نہیں