منشیات سے بچاؤ کے لئے اقدامات کا جائزہ اجلاس
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم میمن کی زیرِ صدارت منشیات کے استعمال کے خلاف موثر آگاہی مہم اور منشیات کے استعمال کے تدارک کے لئے مختلف محکموں کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس آج محکمہ اطلاعات سندھ کے دفتر میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں معاشرے میں نشے
کے بڑھتے رجحانات اور آئس، شیشہ، گٹکا و دیگر منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور ان اقدامات
کو مزید موثر بنانے کے لئے پرنٹ، الیکٹرانک و سوشل میڈیا کے ذریعے اور دیگر طریقوں
سے آگاہی کو فروغ دینے پر زور دیا گیا اور اس ضمن میں تجاویز و آراءپیش کی گئیں۔
اجلاس میں نوجوان نسل بالخصوص تعلیمی اداروں میں پڑھنے والوں کو منشیات کی لعنت سے دور رکھنے کے لئے محکمانہ سطح پر کئے جانے والے اقدامات کا خاص طور سے جائزہ لیا گیا اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ نوجوان نسل بالخصوص طالب علموں کو منشیات سے دور رکھنے کے لئے والدین اور اساتذہ کرام کا کردار رول ماڈل کا ہے اور انہیں یہ کردار بہت موثر طریقے سے ادا کرنا چاہئے۔ اجلاس میں نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں شمولیت، کھیلوں، تحریری و تقریری مقابلوں اور اساتذہ کے ساتھ تفریحی سرگرمیوں کے انعقاد اور ان سرگرمیوں میں شمولیت کیلئے تجاویز پیش کی گئیں تاکہ طالب علم اور نوجوان مثبت مسابقتی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرسکیں۔
اجلاس میں اس نکتے پر اتفاق پایا گیا کہ کم سن اور بارہ تیرہ سال
کے بچے شوق میں بھی نشہ آور اشیا کا
استعمال کرتے اور پھر رفتہ رفتہ عادی بھی بن جاتے ہیں لہذا اس بارے میں بھی بچوں میں
موثر آگاہی فراہمی کا نظام ترتیب دینے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے
محفوظ رکھا جاسکے۔
اجلاس میں منشیات اور نشہ آور اشیا کے استعمال کے نقصانات کے بارے میں آگاہی دینے کے لئے اسکول، کالج، یونیورسٹی اور معاشرتی سطحوں پر بہترین آگاہی مہم چلانے پر بھی زور دیا گیا اور اس سلسلے میں پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذرائع کا بھرپور استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں سے اپنی آگاہی مہم کی تفصیلات جلد از جلد محکمہ اطلاعات کو بھیجنے کی ہدایت کی گئی تاکہ ہر محکمے کی آگاہی مہم کی صوبائی سطح پر مانیٹرنگ کی جاسکے۔اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس فورس، اسکول ایجوکیشن، کالج ایجوکیشن، یونیورسٹیز اینڈ بورڈز، سماجی بہبود، ایکسائز و ٹیکسیشن، کمشنر کراچی آفس، پولیس، اطلاعات اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندہ افسران نے شرکت کی۔
کوئی تبصرے نہیں