کانرڈ ٹربل نے قونصل جنرل کا عہدہ سنبھال لیا

کراچی ( نمایندہ ٹیلنٹ) کانرڈ ٹربل نے کراچی میں امریکی قونصل خانے میں قونصل جنرل کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں امریکی مشن کے نائب سربراہ اور 2020 تا 2023 میڈرڈ اسپین میں ناظم الامور کے طور پر خدمات انجام دیں۔ کانرڈ ٹربل نے میڈرڈ سے قبل واشنگٹن میں مغربی یورپ اور یورپی یونین کے لیے تین سال تک نائب معاون برائے وزارت خارجہ کی حیثیت سے کام کیا، جبکہ ایک سال تک فارن سروس انسٹی ٹیوٹ میں ڈپلومیٹک ٹریڈ کرافٹ ٹریننگ اسکول کے سربراہ رہے اور امریکا کے فنڈ برائے جرمن مارشل میں ایک سال تک سینئر رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انہیں کیوبا کے دارالخلافہ ہوانا میں 2012 تا 2015 امریکی مشن کے نائب سربراہ کے ذمہ داریاں تفویض کی گئیں، جس کے دوران انہوں نے امریکا اور کیوبا کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی سمیت وہاں امریکی سفارتخانے کو دوبارہ کھولنے میں اہم کردار ادا کیا۔

 اس سے پہلے انہوں نے سینٹیاگو، پورٹو پرنس اور بغداد میں سفارتی ذمہ داریاں سرانجام دینے کے ساتھ جرمنی میں دو ادوار گزارے، جن میں سے ایک سال تک بون میں جرمن دفتر خارجہ میں سفارتی تبادلہ اور میونخ میں قونصل جنرل کے طور پر تین سال کا دورہ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ کانرڈ ٹربل واشنگٹن ڈی سی میں کئی قائدانہ عہدوں پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔

 کانرڈ ٹربل کا بچپن کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں گزرا، ان کی اہلیہ کرسٹینا ٹربل جو بھی ایک سفارتکار ہیں، دونوں کو چار بچے ہیں۔ کانرڈ ٹربل نے لویولا میری ماؤنٹ یونیورسٹی سے شعبہ تاریخ میں بیچلرز، جنوبی کیلیفورنیا یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز اور یو ایس نیشنل وار کالج سے قومی سلامتی کے مطالعہ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔

 کانرڈ ٹربل خارجہ امور کی خدمات میں شامل ہونے سے قبل، جرمنی میں طالب علم اور ہنڈراس میں رضاکار استاد تھے۔ انہیں ہسپانوی، جرمن، فرنچ اور ہیشن کریل زبانوں پر عبور حاصل ہے۔ گلوکاری اور موسیقی سے چاہ رکھنے والے کانرڈ ٹربل نیشنل اکیڈمی آف ریکارڈنگ آرٹس اینڈ سائنسز (گریمی ایسوسی ایشن) کے سابق رکن بھی ہیں، وہ کھیلوں کے بھی بے حد شوقین ہیں اور کرکٹ کے داؤ پیچ سیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، جبکہ وہ بیس بال، باسکٹ بال اور ساکر کھیلوں کے منجھے ہوئے کھلاڑی بھی ہیں۔

 کراچی میں امریکی قونصل جنرل کا عہدہ سنبھالنے اور پاکستانی عوام کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 76 ویں سالگرہ مناتے ہوئے انہوں نے تہیہ کیا ہے کہ وہ اقتصادی سرمایہ کاری، تجارتی تعاون اور سبز اتحاد فریم ورک کے فروغ کے ذریعے امریکا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ شراکت داری کو بڑھانے کے مشترکہ مقصد کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے، جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

 

کوئی تبصرے نہیں