کراچی آرٹس کونسل میں خصوصی افراد کے حوالے سے سیمینار
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں خصوصی افراد کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں نگران وزیرِ اطلاعات، اقلیتی امور و سماجی تحفظ محمد احمد شاہ اور صدرِ مملکت جناب عارف علوی کی اہلیہ نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے نگراں وزیر محمد احمد شاہ نے کہا کہ گزشتہ سولہ سالوں سے خصوصی بچوں کے لیے منعقد کیے جانے والے پروگراموں میں شرکت کر رہا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ تمام نئی تعمیرات میں خصوصی افراد کی سہولت کے لیے ریمپ لازمی بنانے کی ہدایات واضح کردی گئی ہیں۔ محمد احمد شاہ نے کہا کہ ہم اپنے ہیروز کو بھولتے جا رہے ہیں۔ ہمیں اپنے مشاہیر کی خدمات کو یاد رکھنا ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ ہماری این
جی اوز کا سوچنے سمجھنے کا انداز انگریزی میڈیم جیسا ہے۔ لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے
کہ ہم پہلے اپنی تہذیب و ثقافت اور اقدار سے مکمل واقفیت حاصل کریں۔ انھوں نے کہا کہ
سندھ میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے بہت کام کیا گیا ہے۔ نگران وزیر محمد
احمد شاہ نے کہا کہ طبقاتی نظام کے سبب خصوصی افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں کیونکہ یہ
زیادہ حساس ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنے معاشرے سے طبقاتی نظام کو ختم کرنا
ہوگا تاکہ کمزوروں کو مضبوط کیا جاسکے اور اس مقصد کے لیے سے پہلے ہمیں اپنے سوچنے
سمجھنے کے انداز کو بدلنا ہو گا۔
محمد احمد شاہ نے کہا کہ اشرافیہ گھرانوں کے خصوصی بچوں کے علاج بھی ہو جاتے ہیں وہ تعلیم بھی مکمل کر لیتے ہیں لیکن ہمارا غریب طبقہ ایسی سہولیات سے محروم ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کو اس تبدیلی کے لیے کام کرنا ہو گا۔ نگران وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ نے کہا کہ جب خدا نے انسان کی تخلیق میں تفریق نہیں کی تو ہم کون ہوتے ہیں تفریق کرنے والے۔ لہٰذا ہمیں تفریق و تفرقہ اور تقسیم کو ختم کرکے ایک قوم بن کر ایک دوسرے کے شانے سے شانہ ملا کر آگے بڑھنا ہوگا۔
کوئی تبصرے نہیں