مسلم حکمران اسرائیلی جارحیت کے باوجود تیل، گیس اور امداد دے رہے ہیں، القدس کانفرنس

Palestine Foundation, PLF Pakistan

کراچی(نمایندہ ٹیلنٹ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے ماہ فلسطین مہم کے عنوان سے مقامی لان میں القدس کانفرنس و دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی و مذہبی، سماجی جماعتوں کے رہنماؤں اور اقلیتی برادری کے رہنماؤں نے شرکت کی کانفرنس سے خطاب میں نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر معراج الہدیٰ کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے عرب ممالک تعلقات قائم کر چکے تھے۔ استعماری طاقتوں کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا گزشتہ سال رمضان میں ممبئی سے ریاض، ریاض تا تل ابیب سڑک بن رہی تھی۔ 7 اکتوبر سے شروع ہونے والا عزم و جرات کی داستان رقم کر رہا ہے۔ 1979 میں امام خمینیؒ نے اس طاغوت کو دنیا کے سامنے عیاں کیا۔ امام خمینی کا احسان ہے کہ آج امت مسلمہ اپنے دشمن کو پہچانتے ہیں۔ ملک کے عوام ماہ رمضان المبارک کو ماہ فلسطین کے عنوان سے منائیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سامراجی قوتیں امت مسلم کے خلاف منظم سازشیں کر رہی ہیں۔ حماس و حزب اللہ عالم اسلام کے دو بازو ہیں۔ انشاءاللہ بہت جلد فلسطین میں امریکہ و برطانیہ سمیت تمام شیطانی قوتوں کو شکست ہوگی۔

کانفرنس سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ امریکہ و اسرائیلی ایجنڈے کے تحت خطہ میں قرفہ واریت پھیلائی گئی۔ طوفان الاقصیٰ فلسطینی جنگ نے دنیا کی آنکھیں کھول دی ہیں یورپی عوام فلسطین میں ہونے والے مظالم کے خلاف مسلسل آواز بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فلسطینی پرچم پر پابندی آئین پاکستان اور قائد اعظم کے نظریہ کی توہین ہے۔ حکومت کی اسرائیل نواز پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم میں فلسطینی پرچم چھین لینا بنیادی حقوق کے خلاف ورزی ہے پولیس اہلکاروں کو فلسطینی پرچم چھینتے اور شہریوں کو پولیس کی طرف سے زد کوب کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے پاکستان میں فلسطین کی آواز اٹھانا جرم بنا دیا گیا ہے حکومت امریکہ اور برطانیہ کی غلامی میں حد سے آگے نکل گئی ہے۔

کانفرنس سے ڈاکٹر صابر ابو مریم نے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ میں بچے بھوک اور قحط سے مر رہے ہیں اور مسلم حکمران اسرائیل کو اس کی تمام تر جارحیت کے باوجود تیل، گیس اور امداد دے رہے ہیں۔ ماہ رمضان المبارک کو ماہ فلسطین کے نام سے منا رہے ہیں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اقلیتی برادری کے قائدین اور ملکی عوام مسئلہ فلسطین اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنا بھر پور احتجاج جاری رکھیں اور فلسطین کے حق میں دعا کریں۔

کانفرنس میں علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ عقیل انجم، یونس بونیری، بشیر سیدوزئی، مفتی داؤد، مفتی مرتضی رحمانی، علامہ قاضی احمد نورانی، اسرار عباسی، اظہر ہمدانی، میجر قمر عباس، علامہ باقر حسین زیدی، مفتی فضل ہمدرد، مسلم پرویز، مفتی معاذ نظامی، ثاقب نوشائی، صحافی و ادیب محمد بخش، علامہ صادق تقوی، قاری فرقان، مولانا ملک عباس، مہدی عباس، جمشید حسین، علامہ مبشر حسن، مختلف سیاسی، مذہبی جماعتوں سماجی تنظیموں اور اقلیتی برادری کے رہنما منوج کمار، ارجن سنگھ، پاسٹر ڈینیئل، پاسٹر امانل جامعہ کراچی اور جامعہ نمل کے اساتذہ اور سول سوسائٹی اراکین سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

کوئی تبصرے نہیں