ڈاکٹر مجیب صحرائی کا ایس ایم آئی یو ماڈل اسکول کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب

SMIU, Dr Mujeebuddin Sehrai, Sindh Agriculture University

کراچی(نمایندہ ٹیلنٹ) سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا ہے کہ کراچی، یہاں پر رہنے اور تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کے لیے بہترین تعلیمی مواقعوں کا شہر ہے، اس لیے انہیں اپنے روشن مستقبل کے لیے ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

جمعرات کو یونیورسٹی کے سر شاہنواز بھٹو آڈیٹوریم میں ایس ایم آئی یو ماڈل اسکول کے زیر اہتمام تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا کہ اس میٹروپولیٹن سٹی کے طلبا لاڑکانہ، سکھر، عمرکوٹ، بھریا، خضدار، قلات، گلگت اور ملک کے دیگر شہروں اور دور دراز علاقوں میں رہنے والوں طالب علموں سے زیادہ خوش قسمت ہیں کیونکہ ان طلباکے پاس معیاری تعلیم کے ساتھ اچھے اسکول ہیں، جہاں جدید سہولیات اور صحت مند سرگرمیاں موجود ہیں۔ انہوں نے اپنے دور تعلیم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈی جے کالج سے جو تعلیم حاصل کی تھی اور کراچی شہر کے کلچر سے جو کچھ حاصل کیا تھا اس نے ان کے کامیاب کیریئر میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا کہ ایس ایم آئی یو ماڈل اسکول کے طلباکے پاس فخر کرنے کے بہت سارے اسباب ہیں، جن میں سے ایک یہ ہے کہ یہ قائد اعظم محمد علی جناح کی مادر علمی ہے، جس کی تعریف بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کئی مواقع پر کی تھی۔

SIMU School

دادو شہر میں گزارے اپنے اسکول کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا کہ اس وقت ہمارے اسکول میں بہت بڑی رہنمائی کی جاتی تھی، جس نے انہیں اپنے مستقبل کے اہداف حاصل کرنے میں مدد فراہم کی تھی، اس لئے آج کے طلباکیلئے اس سے زیادہ رہنمائی کی ضرورت ہے کیونکہ یہ 21ویں صدی کی نسل ہیں۔

وائس چانسلر نے ایس ایم آئی یو ماڈل اسکول کے اساتذہ اور اسکول انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ طلباکو ایس ایم آئی یو ماڈل اسکول کے ساتھ شہر میں ہونے والی زیادہ سے زیادہ سرگرمیوں میں حصہ لینے میں مدد فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نصابی سرگرمیاں طلبا کی نشوونما کے لیے بہت اہم ہیں، اس لیے اساتذہ نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کو یکساں اہمیت دیں۔

ڈاکٹر مجیب صحرائی نے سونے، کانسی اور چاندی کے تمغے جیتنے والوں طلباکو مبارکباد دی، جنہوں نے شہر میں منعقدہ مختلف مقابلوں میں حصہ لیا تھا اور ان پر زور دیا کہ وہ وقت کی قدر کریں اور اپنے والدین جو انہیں چمکتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، ان کی بھی قدر اور احترام کریں۔

SIMU School Students

اس موقع پر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے طلباکو میڈلز اور سرٹیفکیٹس اور ان کے اساتذہ کو سرٹیفکیٹ دیئے۔ انہوں نے ایس ایم آئی یو ماڈل اسکول کی پرنسپل محترمہ نبیلہ کنول کو شیلڈ بھی دی جبکہ پرنسپل نے انہیں سووینئرس پیش کیے۔ تقریب میں سندہ مدرسہ یونیورسٹی کے رجسٹرار غلام مصطفیٰ شیخ، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر زاہد علی چنڑ اور ایس ایم آئی یو ماڈل اسکول کے اساتذہ اور طلبانے شرکت کی۔

کوئی تبصرے نہیں