عمران خان ایک روز عوام کو ریلیف دینے کا جھانسا دیتے ہیں اور اگلے ہی روز مہنگائی میں اضافہ کر دیتے ہیں' ناصر الدین محمود

ناصر الدین محمود

پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری و سینٹرل ورکنگ کمیٹی( CWC ) کے رکن ناصر الدین محمود نے حکومت کی جانب سے ایک بار پھر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ایک روز عوام کو ریلیف دینے کا جھانسا دیتے ہیں اور اگلے ہی روز مہنگائی میں اضافہ کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے اثرات ہر شعبے پر مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ 120 ارب روپے کا ایک دھیلہ قوم کو ریلیف کی صورت نہیں دیا گیا لیکن مہنگائی کا ایک اور بم ان پر مار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں نے ملک کی فروغ پاتی ہوئی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے نا اہل اور کرپٹ حکومت ثابت ہو رہی ہے، جس کی نا اہلی، کرپشن اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے حقیقتاً ملک کی بیشتر آبادی عزت کے ساتھ دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نا اہلی اور کرپشن کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے۔ ناصر الدین محمود نے کہا کہ موجودہ نا اہل اور کرپٹ حکومت کا خاتمہ کرکے ملک میں فی الفور منصفانہ انتخابات منعقد کروائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک مزید تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔  انہوں نے کہا کہ ملک میں پھیلتی ہوئی غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کسی بڑی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی عیاشیاں اور شاہ خرچیاں ختم کرکے غریب عوام کو ریلیف دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) مہنگائی کے اس طوفان کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرے کرے گی اور عوامی رابطوں کو تیز اور موثر  بنایا جائے گا۔

کوئی تبصرے نہیں