اسکاؤٹس ہر مشکل وقت میں بے لوث خدمات پیش کرنے والے عظیم افراد ہوتے ہیں،سید ناصر حسین شاہ
سندھ کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید ناصر حسین شاہ نے آج گلشن اقبال کراچی میں آٹھویں سندھ بوائز اسکاؤٹس کیمپوری 2021 میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر سندھ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے چیف پیٹرن صدیق میمن، سیکریٹری سندھ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن سید اختر میر، خازن حسین مرزا، ڈپٹی چیف عابد شاہ ، اسسٹنٹ کمشنر سندھ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن جسٹس ریٹائرڈ سید حسن فیروز اور سندھ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے دیگر سینئر عہدیداروں کے ساتھ ساتھ سندھ کے مختلف شہروں سے کیمپوری میں آئے ہوئے 1600 سے زائد اسکاؤٹس بھی مستعد موجود تھے۔
اس موقع پر کیمپوری کے مہمان
خصوصی وزیر بلدیات سندھ کے کیمپوری میں داخل ہوتے ہی چاق و چوبند اور مستعد اسکاؤٹس
نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ جس کے بعد معزز مہمان نے کیمپوری میدان میں
پودا بھی لگایا۔جس کے بعد معزز مہمان نے کیمپوری فلیگ لہرایا اور کیمپوری کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا اور امن کی
مشعل روشن کرکے بتایا کہ پاکستان کے اسکاؤٹس دنیا بھر میں امن کے لئے اپنا بھرپور کردار
ادا کر رہے ہیں۔
کیمپوری کے مختلف اسٹالز
پر اسکاؤٹس کی جانب سے گلوبل وارمنگ، ماحولیاتی بہتری ، شمسی توانائی کے آسان حصول
اور دیگر کارآمد سائنسی طریقوں کے نمونے پیش کئے گئے اور اسکاؤٹس نے سندھ کے ثقافتی
اسٹالز پر صوبے کی رنگارنگ ثقافت بھی نمایاں کی۔اس موقع پر سندھ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی
ایشن کے چیف پیٹرن صدیق میمن نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا اور بتایا کہ آج سے شروع ہونے
والی یہ کیمپوری 5 روز تک جاری رہے گی۔اس کیمپوری کے مختلف شہروں کے اسکاؤٹس گروپ شرکت
کررہے ہیں اور کیمپوری میں مزید تربیت کے مختلف سیشنز میں حصہ لیں گے۔اس موقع پر خطاب
کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ سندھ کے اسکاؤٹس تربیت اور معیار کے لحاظ سے کسی سے کم نہیں
ہیں۔ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ
نے کہا کہ آج کے مہمان خصوصی میں نہیں بلکہ میرے سامنے موجود یہ تمام نوجوان اسکاؤٹس
ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بچپن میں میں خود بھی اسکاؤٹ رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اسکاؤٹس
ہر مشکل وقت میں بےلوث خدمت کے لئے اپنی خدمات پیش کرتے ہیں جو انتہائی قابل قدر اور
قابلِ تقلید عمل ہے۔انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے اسکاؤٹس کو سندھ حکومت کے مکمل
تعاون کا یقین دلایا اور محکمۂ بلدیات کی جانب سے اسکاؤٹس سرگرمیوں کے لئے فنڈز رکھے
جانے کا اعلان کیا۔اس موقع پر اسکاؤٹس نے اپنی بہترین تربیت اور فٹنس کے مختلف مظاہر
دکھائے جن کو حاضرین اور اسکاؤٹس کے والدین کی جانب بہت سراہا گیا۔
کوئی تبصرے نہیں