ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی، پاکستان اور جنوبی کوریا میچ برابر



کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام ایشین چیمپئنز ٹرافی کے رابن راؤنڈ میچ میں پاکستان اور کوریا کی ٹیموں کے مابین میچ سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلہ کے بعد 3-3 گول سے ڈرا ہوگیا۔ پاکستانی سٹرائیکر افراز مین آف دی میچ ایوارڈ کے حقدار قرار پائے۔ ایونٹ کے آٹھویں میچ میں جاپان نے بنگلہ دیش کو 0-5 گول سے شکست دیکر پول میں اپنی پوزیشن مضبوط بنا لی۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں جاری ایشین چیمپینز ٹرافی میں آج کے روز مزید دو میچز کا فیصلہ ہو گیا پہلا میچ پاکستان اور کوریا کے مابین کھیلا گیا جو کہ ایک شاندار اور جاندار مقابلہ کے بعد 3-3 گول سے ڈرا ہو گیا۔

 کوریا کی جانب سے کھیل کے پہلے کواٹر میں 14 ویں منٹ میں کھلاڑی کِم نے فیلڈ گول سکور کر کے کوریا کو برتری دلائی۔ پاکستان کی جانب سے کھیل کے 24 ویں منٹ میں افراز نے فیلڈ گول کے ذریعہ گول سکور کرکے کوریا کی برتری کا خاتمہ کر دیا۔ کھیل کے 33 ویں منٹ میں پاکستان کے رانا وحید نے پینلٹی کارنر پر موقع ملنے پر گول سکور کرکے پاکستان کی برتری کو مستحکم بنایا۔ کھیل کے 42 ویں منٹ میں کوریا کے کھلاڑی جی وو نے فیلڈ گول سکور کرکے پاکستان کی برتری کا خاتمہ کیا اور میچ سکور 2-2 ہوگیا۔ کھیل کے 56 ویں منٹ میں کوریا کو پینلٹی سٹروک ملا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کورین کھلاڑی جینگ نے گول سکور کرکے کوریا کی برتری قائم کر دی۔ 



کھیل کے 57 ویں منٹ میں پاکستان کے رانا وحید نے پینلٹی کارنر پر گول سکور کرکے کوریا کی برتری کا خاتمہ کر دیا اور میچ سکور 3-3 کر دیا جوکہ کھیل کے اختتام تک باقی رہا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کی جانب سے شاندار اور جاندار کھیل دیکھنے کو ملا۔ پاکستان کے گول کیپر مظہر عباس، دفاعی کھلاڑی عماد شکیل بٹ، محمد عبداللہ اور ابوبکر محمود نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا پاکستان کے کھلاڑی حماد انجم، اور سلمان رزاق نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی شاندار حملے کئے۔ کھلاڑی افراز مین آف دی میچ قرار پائے۔ ایونٹ کے آٹھویں میچ میں جاپان نے یکطرفہ مقابلہ میں میزبان ٹیم بنگلہ دیش کو 0-5 گول سے شکست دے کر پول میں اپنی پوزیشن مستحکم بنا لی۔

کوئی تبصرے نہیں