پہلی پاکستانی اینی میٹڈ سیریز ”سُپرسوہنی“ ریلیز کے لیے تیار


 

لاہور میں قائم نان پرافٹ آرگنائزیشن ”سماج“ نے سفارتخانہ جرمن، اسلام آباد کے تعاون سے ایک اینیمیٹڈ سیریز ”سپر سوہنی“ تیار کی ہے جس کا مقصد بچوں کے ساتھ ہونے والے جنسی ہراسانی کے واقعات کے حوالے سے آگہی فراہم کرنا اور ان کی روک تھام ہے۔ ابدال احمد جعفری کی تحریر کردہ اس سیریز کا ٹیزرگزشتہ ہفتے اسلام آباد میں جرمنی کے سفارت کار برنارڈ شلاگ ہیک نے سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سیریز کے ذریعے بچوں کو حاصل ہونے والا شعور ایسے واقعات سے دفاع میں ان کی مدد کرے گا۔

سماج“ کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سحر مرزا نے کہا کہ اینی میشن بچوں کی توجہ حاصل کرنے اور سکھانے کے لیے بہترین طریقہ اظہار ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ”سپر سوہنی“ دیکھنے کے بعد بچوں کو نا صرف جنسی ہراسیت کی مختلف اقسام سے آ گہی ملے گی بلکہ اس کے بعد وہ اپنے والدین یا نگرانوں سے اس مسئلے پر بلا خوف بات کر سکیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ اس طرح کے جرائم کے مقدمات اکثر شرم اور بے عزتی کے خوف سے درج ہی نہیں ہوتے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بچوں میں اس امرکی آگاہی جنسی ہراسیت کی روک تھام کی جانب پہلا قدم ہے۔ اس حوالے سے قلم کار ابدال احمد جعفری کا کہنا تھا کہ یہ سیریز گزشتہ کچھ برسوں میں بچوں کے ساتھ جنسی ہراسانی کے واقعات کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے بچوں میں آ گہی اجاگر کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔ امید ہے کہ جنسی ہراسیت کی مختلف اقسام کو متعارف کرواتی یہ سیریز مستقبل میں بچوں کے ساتھ رونما ہونے والے واقعات کی روک تھام میں مدد گار ثابت ہوگی۔

دس اقساط پر مبنی ”سپر سوہنی“ ادارہ ”سماج“ آرگنائزیشن کی پیشکش ہے جو سال 2015ءسے مختلف سماجی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ سیریز کی پہلی قسط جمعہ 31 دسمبر کوسوشل میڈیا (انٹرنیٹ) پر ریلیز کر دی جائے گی۔

کوئی تبصرے نہیں