دبئی ایکسپو میں کشمیر پریمیئر لیگ شوکیس کا آغاز


دبئی (رپورٹ: حماد عزیز) دبئی میں جاری ایکسپو 2020 میں پاکستان پویلین کی کشمیر گیلری میں تین روزہ کشمیر پریمیئر لیگ شوکیس کے عنوان سے ”میگنیفسنٹ“ کشمیر اپنی پریمیئر لیگ کے ساتھ گزشتہ دن شروع ہوگئی، پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور یو اے ای کے معزز مہمانوں نے کے پی ایل شوکیس میں شمولیت اختیار کی جبکہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے ایونٹ کو پذیرائی بخشی۔ چیئرمین کے پی ایل ارشد خٹک نے کشمیر گیلری میں استقبالیہ نوٹ پیش کرتے ہوئے کے پی ایل سیکشن کے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہا کہ کے پی ایل شو کیس کشمیر کیساتھ ساتھ کے پی ایل کے بارے میں جاننے کا منفرد تجربہ ہوگا۔ اس موقع پر صدر کے پی ایل عارف ملک نے عالمی سطح پر تسلیم شدہ کشمیر پریمیئر لیگ سیزن ون (1) کی کامیابی کے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا۔ انھوں نے اس لازوال خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے راستے میں درپیش چیلنجز کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا۔ انھوں نے مزید کہا کہ کے پی ایل سیزن 2 کشمیر کے خطے کی خوشحالی، ترقی کے حوالے سے بہت بڑا اور صحت مند ایونٹ ہوگا۔



آزاد جموں و کشمیر کے سیکریٹری کھیل و سیاحت منصور قادر ڈار نے کشمیر پریمیئر لیگ کے پس پردہ وژن اور اس کے پہلے سیزن کی عالمی سطح پر پذیرائی پر روشنی ڈالتے ہوئے شرکاء کے ساتھ ساتھ کشمیر گیلری کا وزٹ کرنے والے دیگر مہمانوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ مہمان خصوصی وزیر خزانہ آزاد جموں و کشمیرعبدالمجید خان نے کشمیر پریمیئر لیگ کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کی معاشی حالت کو مضبوط کرنے کے لیے کے پی ایل کی کامیابی پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ انھوں نے کے پی ایل کو بھرپور سپورٹ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کشمیر پریمیئر لیگ شوکیس کا پہلا دن علم پر مبنی اور تفریح سے بھرپور پروگراموں اور سرگرمیوں سے جاری رہا۔ 



تقریب میں سی ای او کے پی ایل چوہدری شہزاد اختر، سی او او کے پی ایل تیمور علی خان، سی ایم او کے پی ایل ثاقب الرحمن نے بھی شرکت کی اور کے پی ایل کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی کاوشوں کوخوب سراہا۔ اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر میں کھیلوں کی سیاحت کے عنوان سے ایک کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں عبدالمجید خان، منصور قادر ڈار، سابق کپتان ٹیم پاکستان شعیب ملک، فاسٹ باؤلر محمد عامر، صدر پاکستان ہوٹلیئر فاؤنڈیشن یو اے ای اویس نذر، عارف ملک، ناظمہ بختاور محمود نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کے شرکاء نے آزاد جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے، ثقافت، کھیلوں، مہمان نوازی کے چیلنجز، سرمایہ کاروں اور سیاحت کی صنعت کے لیے حاصل مواقعوں سمیت مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ 



انھوں نے کے پی ایل کے اقدام کو سراہا کیونکہ یہ خطہ کشمیر کی اقتصادی، سماجی، ثقافتی، کھیلوں، سیاحت کی ترقی کے لیے ایک اہم اثاثہ ثابت ہوا ہے۔ شرکاء شعیب ملک کیساتھ پروگرام ''کھیلو آزادی سے'' میں شرکت کے لیے بہت پرجوش تھے۔ پروگرام کی میزبان ثریا خان نے شعیب ملک سے ان کی زندگی، کیریئر اور کے پی ایل کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہوئے سوالات کیے۔ شعیب ملک نے شو میں موجود شایقین کی جانب سے پوچھے گئے کئی سوالات کے جوابات بھی دیے۔ کئی دیگر سرگرمیاں بھی پہلے دن کے ایونٹس کا حصہ تھیں جن میں کے پی ایل کی کامیابی کی کہانیاں ڈیجیٹل سکرینوں پر دکھائی گئیں۔ کشمیر گیلری کے مہمانوں نے کشمیر پریمیئر لیگ کی انتظامیہ کے ساتھ سیر حاصل گفتگو کی۔ کشمیر گیلری کے وزیٹرز بشمول کشمیری ڈاسپورہ نے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ آزاد جموں و کشمیر کی پہلی اپنی لیگ ہے اس نے کشمیری نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیساتھ مسئلہ کشمیر کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔

1 تبصرہ:

  1. نہایت عمدہ رپورٹ .. کشمیر لیگ اس بار بھی کامیاب ایونٹ ثابت ہوگا.

    جواب دیںحذف کریں