عمران خان کو پی ڈی ایم کا لانگ مارچ شروع ہونے سے پہلے ہی استعفیٰ دے کر عزت سے رخصت ہو جانا چاہیے، ناصر الدین محمود
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری اور سینٹرل ورکنگ کمیٹی (CWC) کے رکن ناصر الدین محمود نے کہا ہے کہ عمران خان جو اب اپنی جماعت کے بیشتر ارکان کی حمایت سے بھی محروم ہو چکے ہیں انہیں اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہو کر گھر چلے جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بننے کا تو ان کے پاس پہلے بھی اخلاقی جواز نہیں تھا کیونکہ ان کو شدید دھاندلی کے نتیجے میں وزیراعظم بنا یا گیا تھا لیکن اب وہ آئینی و قانونی جواز بھی کھو چکے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ناظم آباد نمبر 1 میں اپنے دفتر میں مسلم لیگی رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس بھیج کر وہ قوم کا اور اپنا مزید وقت ضایع کریں گے اور مزید چند روز اقتدار میں رہ کر سازشیں کرنا چاہیں گے، جس سے اب انہیں کوئی فائدہ نہیں پہنچنے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں ملک کو تباہ و برباد کر دیا ہے، خصوصی طور پر معیشت کی زبوں حالی اور عالمی تنہائی سمیت مختلف نوعیت کے مسائل میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے پونے چار سالہ دورِ حکومت میں ملک کے قرضوں میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ملک میں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کی شرح میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔
ناصر الدین محمود نے کہا کہ عمران خان کو پی ڈی ایم کا لانگ مارچ شروع ہونے سے پہلے ہی استعفیٰ دے کر عزت سے رخصت ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ میں شریک ملک کے غریب عوام کے غیض وغضب کا سامنا نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل فوری منصفانہ انتخابات میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد آنے والی حکومت ضروری نوعیت کی قانون سازی کے بعد اتفاق رائے سے عبوری حکومت کا اعلان کرے جو اپنی آئینی مدت میں انتخابات منعقد کروا کر منتخب ہونے والی جماعت کو اقتدار منتقل کرے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان تحریک عدم اعتماد کا سامنا کریں یا مستعفی ہو کر چلے جائیں، ناصر الدین محمود
ناصر الدین محمود نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان
کے عوام اپنے محبوب قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت اور میاں محمد شہباز شریف کی
سربراہی میں ملک کو معاشی طور پر بھی ناقابلِ تسخیر بنائیں گے۔ اس موقع پر محسن جاوید،
نوشاد اختر ملک، محمد ظاہر شاہ دہلوی، عارف حسین، ڈاکٹر محمد احسن، ظہیر احمد ایڈووکیٹ،
حاجی نذر خان، عمر زیب خان، محمد عمران نقشبندی اور محمد حفیظ سمیت بڑی تعداد میں کارکنان
موجود تھے۔
کوئی تبصرے نہیں