عمران خان تحریک عدم اعتماد کا سامنا کریں یا مستعفی ہو کر چلے جائیں، ناصر الدین محمود
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) پاکستان
مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری ناصر الدین محمود نے کہا ہے کہ عمران خان
تحریک عدم اعتماد کا سامنا کریں یا مستعفی ہو کر چلے جائیں لیکن کسی غیر جمہوری طرزِ
عمل کو اختیار کرکے ملک میں تصادم پیدا کرنے سے اجتناب برتیں۔ 23 مارچ کا لانگ مارچ
موجودہ نا اہل اور کرپٹ حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہو گا۔ وہ گزشتہ روز پی ایس
127 کے زیر اہتمام لیاقت آباد، الکرم اسکوائر میں واجد قریشی کی جانب سے منعقد کئے
گئے عہدیداران اور سر گرم کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں
نے کہا کہ حکومت وقت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنا اپوزیشن کا آئینی حق ہے۔ آئینی
طور پر اپوزیشن کو موقع فراہم کیا جائے کہ وہ اپنی عددی اکثریت ثابت کرے اور نیا قائد
اعوان منتخب کرے،
اگر کوئی اس
آئینی طریقہ کار میں رخنہ اندازی کرتا ہے تو اسے جمہوریت کے خلاف سازش تصور کیا جائے
گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ملک اور جمہوریت دونوں کے خلاف کسی سازش کو ہرگز
کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ عوام دشمن اقدام قرار، مسلم لیگ (ن) سندھ کا اجلاس
انہوں
نے کہا کہ موجودہ نااہل اور کرپٹ حکومت نے ملک کی جتنی تباہی کرنی تھی وہ کرچکی ہے
اب اسے مزید مہلت نہیں دی جاسکتی۔ ناصر الدین محمود نے کہا کہ موجودہ نااہل اور کرپٹ
حکمرانوں کو عزت سے رخصت ہونے کا یہ آخری موقع ہے کہ وہ اپنے منصب سے مستعفی ہوں اور
گھر چلے جائیں ورنہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں انہیں بہرحال اقتدار سے
محروم ہونا ہی ہوگا۔ ناصر الدین محمود نے کہا کہ کارکنان پی ڈی ایم کی کال پر لانگ
مارچ کی تیاری جاری رکھیں اگر عمران خان نے استعفیٰ نہ بھی دیا اور تحریک عدم اعتماد
پر رائے شماری میں کوئی رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی تو لانگ مارچ میں شامل لاکھوں عوام
کا سیلاب کرپٹ اور نااہل حکمرانوں کو بہا کر لے جائے گا۔ اس موقع پر کراچی ڈویژن کے
نائب صدر محسن جاوید، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے جنرل سیکریٹری نوشاد اختر اور میزبان واجد قریشی
نے بھی خطاب کیا جبکہ عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کوئی تبصرے نہیں