سید ناصر حسین شاہ نے ساحلی پٹی ہاکس بے میں آر او پلانٹس کا افتتاح کردیا



کراچی (رپورٹ: نمایندہ ٹیلنٹ) وزیر بلدیات، دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کراچی کی ساحلی پٹی ہاکس بے سے ملحقہ آبادیوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے آر او پلانٹس کا افتتاح کردیا۔ا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق سندھ حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی بہتر فراہمی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اسی وژن کے تحت شہر کی دور دراز آبادیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے لگائے گئے آر او پلانٹس کو فعال کرنے اور مستقل بنیادوں پر ان کی دیکھ بھال کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آتشزدگی سے متاثرہ دکانوں کے تاجروں کی مالی معاونت کے معاملات جلد مکمل کئے جائیں گے،ناصر حسین شاہ



 انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی متعدد منصوبے منظور کئے گئے ہیں جن پر کام شروع ہوگیا ہے۔ دور دراز محلوں میں پانی پہنچانے کے لئے پانی کی لائنیں بھی بچھائی جارہی ہیں تاکہ شہریوں کو سہولت میسر آسکے۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونس آباد کے آر او پلانٹ سے یومیہ 1 لاکھ 25 ہزار گیلن جبکہ ناصر ہوٹل آر او پلانٹ سے یومیہ 1 لاکھ گیلن پانی ملحقہ آبادیوں کو فراہم کیا جاسکے گا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی آصف خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما حاجی غفور، مبارک سنگھو اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

کوئی تبصرے نہیں