عمران خان نے جلسہ عام میں ایک فرضی خط لہرایا، ناصر الدین محمود
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی
ڈویژن کے جنرل سیکریٹری اور سینٹرل ورکنگ کمیٹی(CWC)کے رکن ناصر الدین محمود نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی حکومت جاتا دیکھ
کر عوامی جلسہ عام میں ایک فرضی خط لہرایا اور ملک کے وقار و سلامتی کو مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس
معاملے کو سرسری طور پر نظر انداز نہ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح عمران خان نے
ملک کو عالمی سطح پر تنہا کیا، آج عوام کی اجتماعی دانش گاہ نے پارلیمنٹ میں انہیں
اسی طرح تنہا کر دیا ہے، اب وہ اکثریت سے محروم ہو چکے ہیں لہٰذا انھیں فوری طور پر
مستعفی ہو جانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے ہمراہ ندیم آرائیں، محسن جاوید
اور ظاہر شاہ دہلوی کی مہنگائی لانگ مارچ کے
اسلام آباد میں منعقد کیے گئے عظیم الشان جلسہ عام میں شرکت کے بعد کراچی واپس پہنچنے
پر کراچی ڈویژن کے سرگرم کارکنان سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ جہاں نوشاد اختر، عرفان
آرائیں، مشتاق عباسی، ثاقب گجر، اطہر عباسی، جمال نیاز، عارف حسین اور بڑی تعداد میں
کارکنان موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کسی عالمی سازش کی وجہ سے ختم
نہیں ہو رہی بلکہ اپنی نا اہلی، کرپشن اور بد زبانی کے سبب ختم ہو رہی ہے۔ انھوں نے
کہا کہ عمران خان اپنے ناجائز اقتدار کے خاتمے کے موقع پر ایک عالمی طاقت پر سازش کا
بے بنیاد الزام عائد کر کے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کر دینا چاہتے ہیں۔ ناصر الدین
محمود نے مستقبل کی آنے والی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ برسر اقتدار آنے کے بعد خط
کے معاملے پر اعلیٰ عدلیہ کے جج کی سربراہی میں ایک عدالتی کمیشن قائم کروائے تاکہ
اس واقع کی تحقیقات کی جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ثابت ہو جائے کہ یہ مذکور بالا
خط کسی بیرونی ملک کی ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے تو اس پر انتہائی سخت مؤقف
اختیار کیا جائے لیکن اگر ثابت یہ ہو کہ یہ اقدام عمران خان کی اپنا اقتدار بچانے کی
بھونڈی کوشش ہے تو اس کے تمام کرداروں کو سخت ترین سزائیں دلوائی جائیں۔ انھوں نے کہا
کہ عمران خان تحریک عدم اعتماد کے دن پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ایک لاکھ افراد کو جمع
کرنے کی کھوکھلی دھمکی نہ دیں ورنہ ملک بھر کے تمام جمہوریت پسند عوام بھی پارلیمنٹ
ہاؤس پہنچ کر جمہوریت کے دفاع کا قومی فریضہ سر انجام دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ قوم
ملک کی سلامتی کے ساتھ کھیلنے والے نا اہل حکمرانوں کو بھاگنے نہیں دے گی۔
کوئی تبصرے نہیں