ممتاز سماجی وثقافتی شخصیت یاور مہدی کی یاد میں منعقدہ تقریب کا احوال



کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) یاور مہدی نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ تھے۔ انھوں نے ریڈیو پاکستان سے سیکڑوں طلبا و طالبات کی صلاحیتوں کو سامنے لا کر نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک نمایاں کردار ادا کیا اور انھوں نے انتہائی مشکل حالات میں آرٹس کونسل کو نئی جلا بخشی، جس کا ثمر آج ہم دیکھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے محبان بھوپال فورم اور تنظیم فلاح خواتین کے اشتراک سے منعقدہ پروگرام بعنوان "یادیں ملاقاتیں" سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض اویس ادیب انصاری نے انتہائی خوب صورتی سے سر انجام دیے۔ معروف پروڈیوسر اور سابق جنرل منیجر پی ٹی وی قاسم جلالی نے کہا "یاور مہدی نئی نسل کے لیے مشعل راہ تھے۔ انھوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو پرکھا اور پھر انھیں آسمان کے درخشندہ ستارے بنا دیا۔" انجمن ترقی اردو کے عابد رضوی نے کہا "ایسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ ریڈیو پاکستان اور آرٹس کونسل ان کی صلاحیتوں کے گواہ ہیں۔" معروف نغمہ نگار اور شاعر یونس ہمدم نے کہا کہ مجھ سمیت نہ جانے کتنے لوگوں کو یاور مہدی نے بام عروج تک پہنچایا اور آج وہ پاکستان اور بیرون ملک اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

 سابق صوبائی وزیر اور معروف صحافی آغا مسعود حسین نے کہا کہ وہ آئی کون تھے جتنی چاہت اور محبت انھوں نے کمائی وہ کم ہی لوگوں کو نصیب ہوتی ہے۔ سابق ممبر قومی اسمبلی قمر النسا قمر نے کہا کہ ایسی شخصیات کا کم ہو جانا معاشرے کے لیے عظیم نقصان ہے۔ایسے لوگ بار بار پیدا نہیں ہوتے۔ شگفتہ فرحت نے اپنے خطاب میں یاور مہدی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر محمد علی سید، سلطان مسعود شیخ، ڈاکٹر وسیم الدین، زیڈ ایچ خرم، صدیق راز (ایڈووکیٹ)، سیدین رضوی، عبدالباسط، اعجاز علی نوید، آفتاب فاروقی، نفیس احمد خان، خالد عمران مطہر، محمد شاہد اور مرحوم کے صاحب زادے حیدر مہدی نے مختصر خطاب کیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں مختلف شعبہ جات سے وابستہ خواتین و حضرات شریک تھے۔

1 تبصرہ:

  1. There is no iota of doubt that Yawar Mehdi was a legendary figure. He introduced hundreds of talents/youthsthrough his radio programmes and guided them to choose their professions in future. In nut shell, Yawar Mehdi was a mentor of hundreds people. May Allah rest his soul in eternal peace and grant him high place in jannah. Aameen

    جواب دیںحذف کریں