عمران خان اپنے پونے چار سالہ دورِ حکومت کا حساب دے، ناصر الدین محمود

کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری اور سینٹرل ورکنگ کمیٹی(CWC) کے رکن ناصر الدین محمود نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں نے عمران خان کے گزشتہ شب کراچی میں ہونے والے جلسے کو ناکام بنا کر ان کے بین الاقوامی سازشی ڈرامے کو مسترد کرکے اس سے اپنی لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس طرح اپنے دورِ اقتدار میں کراچی اور اس کے شہریوں کو نظر انداز کیا اب اسی طرح کراچی کے شہریوں نے بھی اپنے عدم توجہ سے عمران خان کو قصہ پارینہ بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے توشہ خانے میں آنے والے 112 قیمتی تحائف اور اپنی حکومت کی کارکردگی کا حساب دیں اس کے بعد قوم کو نیا بیانیہ دیں۔  انہوں نے کہا کہ عمران خان کی چار سال آٹھ ماہ کی حکومت کراچی کی 14 نشستوں کی بدولت تھی لیکن افسوس کہ عمران خان کو کراچی اپنے دورِ حکومت میں یاد نہیں آیا لیکن آج جب وہ اقتدار سے محروم ہو چکے ہیں تو وہ ایک بار پھر کراچی کے شہریوں کو گمراہ کرنے کے لیے یہاں پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے اپنے پونے چار سالہ دورِ حکومت کا حساب دیں اس کے بعد سازشی ڈرامے پر چرب زبانی فرمائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ماضی میں جس طرح قوم کو سنہرے خواب دیکھائے اور ہر بار یو ٹرن لیکر مایوس کیا اس سے پوری قوم عمران خان اور ان کے حواریوں کو اچھی طرح پہچان چکی ہے، قوم اب کسی نئے فراڈ کا شکار نہیں ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کے بطور وزیراعظم انتخاب سے ملک اور بیرون ملک سرمایہ داروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، ناصر الدین محمود

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دورِ حکومت میں اربوں روپے کے دو مرتبہ کراچی پیکچ کا اعلان کیا لیکن وہ صرف اعلان ہی رہا۔ ناصر الدین محمود نے کہا کہ کراچی جمہوریت پسندوں کا شہر ہے یہاں کے شہریوں نے پہلے بھی جبر اور فسطائیت کو مسترد کردیا تھا وہ اب بھی کسی طور ایسے عناصر کو شہر پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں سمیت پوری قوم وزیراعظم شہباز شریف کے شانہ بشانہ ملک کی ازسرنو تعمیر وترقی کے عمل میں ان کے ساتھ ہے۔ ناصر الدین محمود نے کہا کہ کراچی کے شہری میاں محمد نواز شریف کے بیانیہ ووٹ کی عزت کے لیے مسلم لیگ (ن) کے پرچم تلے متحد ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں