فرسٹ کے پی ٹی فی میل ٹینس لیگ 2022 کا شاندار اختتام



کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) شمسی اکیڈمی کے زیر اہتمام سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کراچی پورٹ ٹرسٹ اسپورٹس کمپلیکس کے ٹینس کورٹ پر منعقدہ ”فرسٹ KPT فی میل ٹینس لیگ 2022“ کا شاندار اختتام ہو گیا، اختتام پر منعقدہ پر وقار تقریب میں چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ نادر ممتاز وڑائچ نے فاتح اور نمایاں پوزیشن ہولڈرز کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر خالد جمیل شمسی، حسن عسکری، نمیر شمسی، ڈاکٹر محمد امجد، بریگیڈیئر طارق خان، کمشنر کراچی کے اسپورٹس کوآرڈینیٹر غلام محمد خان، سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر گلزار فیروز اور دیگر موجود تھے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کے پی ٹی نادر ممتاز وڑائچ نے اعلان کیا کہ یہ ٹورنامنٹ ہر سال کراچی پورٹ ٹرسٹ کے اشتراک سے منعقد کیا جائے گا اور آئندہ سال نا صرف شایان شان انداز میں ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا بلکہ انعامی رقم میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں خصوصاً کھیلوں کے فروغ کے لیے مختلف ایونٹ کا انعقاد ممکن بنائے گی۔ عید الفطر کے بعد باسکٹ بال ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر قومی ٹینس چمپئن عقیل خان نے اپنے خطاب میں شاندار ٹینس ایونٹ کے انعقاد پر شمسی اکیڈمی اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس ٹینس میں نئے ٹیلنٹ کو متعارف کرانے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ 

فرسٹ کے پی ٹی فی میل لیگ 2022 سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا گیا ہے۔ قبل ازیں فرسٹ KPT فی میل ٹینس لیگ 2022 کے سنگلز میں ناتالیہ زمان نے مد مقابل ارج بتول کو 6-3 اور 6-4 سے ہرا دیا۔ جبکہ انڈر 16 فائنل معرکہ میں انایا سعید نے مد مقابل ایشال زین کو 4-2، 3-5 اور 10-8 سے شکست دے دی، گرلز انڈر 12میں ایشلے آصف نے مد مقابل ہانیا ہارون کو 4-2 اور 5-3 سے مات دے دی، فی میل ڈبل میں ناتالیہ زمان اور ہانیا نے مد مقابل زینب اور انایا کو 8-2 سے جبکہ انڈر 16 فی میل ڈبلز مقابلے میں لائبہ اور ایشال نے مد مقابل امیلیا اور ایمن کو 8-1 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔ فائنل کے اختتام پر کراچی پورٹ ٹرسٹ کے اسپورٹس منیجر حسن عسکری نے KPT کی جانب سے مہمانوں میں تحائف تقسیم کیے۔

1 تبصرہ: