سندھ حکومت صاف پانی کی فراہمی، سیوریج کے پانی کی نکاسی اور اس کے مفید استعمال کے منصوبوں پر کام کے لیے کوشاں ہے، سید ناصر حسین شاہ
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) ورلڈ بنک کے افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس آج وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت محکمۂ بلدیات سندھ کے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ورلڈ بنک کے واٹر اور سینی ٹیشن کے پراجیکٹ کے افسران جن میں Josses Mugabiاور دیگر سینئر افسران شامل تھے موجود تھے۔اجلاس میں سندھ کے سیکریٹری بلدیات نجم شاہ، اسپیشل سیکریٹری بلدیات محمد عثمان معظم، سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ اختر حسین بگٹی، کراچی واٹر سیوریج سسٹین ایبلٹی امپروومنٹ پراجیکٹ (KWSSIP) کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سید صلاح الدین احمد اور دیگر افسران موجود تھے۔اجلاس میں وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ میں پینے کے صاف پانی اور نکاسئی آب کے مسائل ہیں جبکہ زیرِ زمین پانی کے زیادہ استعمال کے باعث بھی ماحولیاتی مسائل کا سامنا ہے اور سندھ حکومت عالمی ادارہ صحت کے پیمانوں کے مطابق اپنے عوام کو سہولیات بالخصوص پینے کا صاف پانی کی فراہمی، سیوریج کے پانی کی نکاسی اور اس کے مفید استعمال کے منصوبوں پر کام کے لئے کوشاں ہے۔ سندھ حکومت اپنے منصوبوں کے لئے ورلڈ بنک کی مالی معاونت اور ان کے ماہرین کے تجربے سے بھی استفادہ کرنا چاہتی ہے تاکہ ہم اپنے منصوبوں کو مفادِ عامہ اور ماحولیاتی نقطۂ نظر سے زیادہ مفید اور قابلِ عمل بناسکیں۔
اجلاس میں سندھ کے سب بڑے شہر کراچی کو پینے کے صاف پانی اور شہر میں نکاسئی آب کے منصوبوں میں ورلڈ بنک کے تعاون کو بڑھانے پر تجاویز پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس شہر میں ڈی سیلینیشن پلانٹ کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔اس موقع پر وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ابادی اور رہائشی ضروریات کے مطابق یہاں پینے کے صاف پانی، نکاسئی آب اور ڈی سیلینیشن پلانٹس کی ضروریات بڑھتی جارہی ہیں جن پر سندھ حکومت تیزی سے کام کرنا چاہتی ہے۔
صوبائی وزیر نے ورلڈ بنک کے تعاون کو سراہا اور واٹر اینڈ سینی ٹیشن کے مسائل کے حل کے لئے (کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی) کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ٹیم کی تعریف کی۔اجلاس میں ورلڈ بنک کے نمائندوں کی جانب سے پاکستان کے دیگر صوبوں میں ورلڈ بنک کے تعاون سے چلنے والے متعلقہ منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہی دی گئی اور وہاں کے قابلِ عمل منصوبوں پر سندھ میں بھی کام کو آگے بڑھانے کے لئے تجاویز کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں سندھ میں پینے کے صاف پانی اور نکاسئی آب کے معاملات میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اجلاس میں سیکریٹری بلدیات سندھ نجم شاہ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اختر حسین بگٹی نے صوبے کے دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی اور نکاسی کے منصوبوں میں ورلڈ بنک کی معاونت کے حصول میں دلچسپی ظاہر کی۔
کوئی تبصرے نہیں