سندھ حکومت سرکاری ملازمین اور ان کے لواحقین کی بہبود کا خاص خیال رکھتی ہے، ناصر حسین شاہ
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کراچی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کی گورننگ باڈی کا اجلاس آج سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری بلدیات سندھ نجم شاہ، کمشنر کراچی اقبال میمن، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے محمد علی شاہ، ممبر فنانس سید شجاعت علی، ڈائریکٹر جنرل کراچی ماس ٹرانزٹ پروگرام نعیم وحید اور کے ڈی اے کی گورننگ باڈی کے دیگر افسران موجود تھے۔ اجلاس شروع ہونے سے قبل وزیر بلدیات سندھ نے کے ڈی اے ملازمین کے فوتی کوٹے پر 41 افراد کو تقرر نامے دیے جبکہ کے ڈی اے میں طویل عرصے سے گریڈ 1 سے گریڈ 5 میں خدمات انجام دینے والے 113 ملازمین کو ترقی نامے اور گریڈ 1 سے 15 تک ترقی کے مستحق 76 سینئر ملازمین کو بھی ترقی نامے دیے۔
اس موقع
پر وزیر بلدیات نے کہا کہ سندھ حکومت سرکاری ملازمین اور ان کے لواحقین کی بہبود کا
خاص خیال رکھتی ہے اور آج مرحوم ملازمین کے کوٹے پر ان کے لواحقین کو تقرری کے خطوط
جبکہ طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والے اور ترقی کے مستحق ملازمین کو ترقی کے خطوط
دیے گئے ہیں اور محنت سے کام کرنے والے ملازمین کی خدمات کا اسی طرح اعتراف کیا جائے
گا۔ انہوں نے کہا کہ محنت اور دیانتداری سے کام کرنے والے ہمارا اثاثہ ہیں۔
گورننگ
باڈی کے اجلاس میں کے ڈی اے پائپ فیکٹری کو فعال کرنے کے جائزے کے لیے کنسلٹنٹ سے فزی
بلٹی رپورٹ تیار کرانے کی ہدایات دی گئیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ 27.5 ایکڑ پر مشتمل
کے ڈی اے پائپ فیکٹری کراچی شہر کے اہم مقام پر واقع ہے اور ہمارے ملازمین کو پائپ
بنانے کا تجربہ اور اسے بنانے کے لیے درکار مشینری بھی موجود ہے اور شہر میں پانی اور
نکاسی کے منصوبوں کے لیے درکار پائپوں کے حوالے سے پائپ فیکٹری کے تیار کردہ پائپوں
کی بڑی مارکیٹ بھی ہے لہٰذا پائپ فیکٹری کو موجودہ مشینری اور مزید جدید اور نئی مشینری
کے ذریعے بہت زیادہ کارآمد اور فائدہ مند بنایا جاسکتا ہے۔
اجلاس میں کے ڈی اے ملازمین کی طبی سہولیات کے لیے میڈیکل انشورنس کے لیے بھی کمپنیوں سے تجاویز طلب کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ اجلاس میں ادارے کی پرانی مشینری اور گاڑیوں کے آکشن کے لیے بھی 2 کمیٹیاں بنا دی گئیں۔اجلاس میں کے ڈی اے پارکنگ پلازہ لائنز ایریا کی دکانوں کے اکشن کے لئے ضروری اقدامات کی بھی ہدایات دی گئیں۔ اجلاس میں وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ہدایات دیں کہ کے ڈی اے کو شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے موثر کردار ادا کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے ادارے کے افسران، انجینئرز اور اہلکاروں کو تندہی سے کام کرنا ہوگا تاکہ ہم اپنے شہریوں کی رہائشی سہولیات میں بہتری لاسکیں۔اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ نے کے ڈی اے میں کرکٹ اور ہاکی کی ٹیموں کی بحالی پر کھلاڑیوں کو اسناد بھی دیں۔
کوئی تبصرے نہیں