محبان بھوپال فورم، مزاح گو شاعر خالد عرفان کے ساتھ ایک شام اور محفل طنز و مزاح

فاران کلب انٹرنیشنل کے زیر اہتمام بااشتراک محبان بھوپال فورم محفل طنز و مزاح سے ڈاکٹر رئیس صمدانی، سید ایاز محمود، ندیم اقبال، خالد عرفان، خالد میر، سلیم قریشی، محترمہ شگفتہ فرحت، عارف مصطفیٰ، اظہر عزمی، عامر بشیر، صفدر علی انشا، ایس ایم حنیف اور دیگر خطاب کر رہے ہیں۔


کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) فاران کلب انٹرنیشنل کے زیر اہتمام بااشتراک محبان بھوپال فورم معروف مزاح گو شاعر خالد عرفان کے ساتھ ایک شام اور محفل طنز و مزاح سے خطاب کرتے ہوئے معروف دانشور اور صدر مجلس ڈاکٹر رئیس صمدانی نے کہا کہ طنزو مزاح ادب کی ہی ایک صنف ہے، جس میں چھپے ہوئے لفظ معاشرے کے رویے کی عکاسی کرتے ہیں ۔ مہمان خصوصی معروف ادیب سید ایاز محمود نے کہا طنز و مزاح کے درمیان ایک ہلکی سی لکیر ہوتی ہے اگر اس کو پار کرلیا جائے تو پھکڑ پن میں شمار کیا جائے گا۔

فاران کلب انٹر نیشنل کے جنرل سیکریٹری ندیم اقبال نے خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا ہمیں اپنے معاشرے کی دینی اور روحانی اقدار کا خیال رکھنا چاہیے ۔فاران کلب کی تمام تقریبات اسی سلسلے کی کڑی ہیں اور ان کو ملحوظ خاطر رکھا جا تا ہے ۔محبان بھوپال فورم کی چیئر پرسن شگفتہ فرحت نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا محبان بھوپال فورم محبتوں کا فورم ہے ہم محبت تقسیم کرتے ہیں اور اس کو سمیٹتے بھی ہیں۔

اس موقع پر مہمان اعزازی معروف شاعر خالد میر نے کہا کہ اکبر الہ آبادی سے لے کر پروفیسر عنایت علی خاں اور دلاور فگار نے طنزو مزاح کی شاعری کو بام عروج تک پہنچا دیا ۔ جب کے مزاح نگار عارف مصطفیٰ، اظہر عزمی ، عامر بشیر، صفدر علی انشا،ظفر عالم طلعت نے اپنی نگارشات پیش کیں جبکہ مزاح گو شاعر خالد عرفان نے جن کے اعزاز میں یہ تقریب منعقد کی گئی تھی اپنا مزاحیہ کلام حاضرین کی نذر کیا ، کثیر تعداد میں جس میں خواتین و حضرات شامل تھے سب کو بھرپور داد سے نوازا۔

تقریب کی نظامت کے فرائض اویس ادیب انصاری اور سلیم قریشی نے انجام دیے، فاران کلب کے صدر ایس ایم حنیف نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر میزبانوں کی جانب سے شہر کے نمایندہ خواتین و حضرات نے مہمانوں کو پھول اور دیگر تحائف پیش کیے۔ تقریب میں شہر قائد کے ادیب و شاعر اور نمائندہ خواتین اور حضرات بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ تقریب کے اختتام پر عشائیہ کا اہتمام تھا جس سے سب لطف اندوز ہوئے ۔

کوئی تبصرے نہیں