500 میگاواٹ کا پاکستان کا پہلا فلوٹنگ سولر پاور پلانٹ کینجھر جھیل پر لگایا جائے گا، امتیاز احمد شیخ

کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ 500 میگاواٹ کا پانی پر تیرتا ہوا پاکستان کا پہلا شمسی بجلی بنانے کا منصوبہ کینجھر جھیل پر بہت جلد شروع کیا جائے گا۔ اس فلوٹنگ سولر پاور پراجیکٹ کا لیٹر آف انٹینٹ (LoI) جاری کردیا گیا ہے، منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ پر کام تیزی سے جاری ہے اور امید ہے کہ منظوری کے مراحل سے گزر کر یہ منصوبہ 2 سال میں بجلی پیدا کرنا شروع کر دے گا۔ منصوبے پر گو (Go) کمپنی کام کررہی ہے اور اس منصوبے میں 400 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے یہ بات آج اپنے دفتر میں پاور کمپنیوں کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئی کہی۔

امتیاز احمد شیخ نے بتایا کہ اپنی نوعیت کے پاکستان کے اس پہلے اور منفرد فلوٹنگ سولر پاور پلانٹ کے منصوبے سے نہ صرف 500 میگاواٹ ماحول دوست بجلی مہیا ہوگی بلکہ اس منصوبے سے صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور کینجھر جھیل پر سیاحت کو مزید فروغ بھی حاصل ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ پر کام تکمیل کے مراحل میں ہے اور توقیر ہے کہ یہ منصوبہ آئندہ 24 ماہ میں بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔ انھوں نے کہا کہ 500 میگا واٹ ماحول دوست بجلی کا یہ منصوبہ سندھ حکومت کی کامیابیوں کا ایک اور سنگ میل ہے۔

کوئی تبصرے نہیں