بارشوں کے بعد نکاسی آب،صحت و صفائی کے اقدامات اور عید الاضحیٰ پر آلائشوں کی صفائی کے لئے افسران و عملہ الرٹ رہے، ناصر شاہ



کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کراچی کے بلدیاتی اداروں کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس آج سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بارشوں میں پانی کے نکاس اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر آلائشوں کو اٹھانے اور صحت و صفائی کے حوالے سے بلدیاتی اداروں کے افسران و عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئیں۔ اجلاس میں شہر کے بلدیاتی اداروں کے افسران اور کراچی کے ضلع جنوبی اور ضلع کورنگی کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی، سابق رکن سندھ اسمبلی جاوید ناگوری اور نجمی عالم نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر بلدیاتی اداروں کے حوالے سے متعلقہ مسائل جن میں پانی کی فراہمی، سیوریج نظام کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پارکوں اور کھیل کے میدانوں میں باؤنڈری وال اور دیگر سہولیات کی فراہمی وغیرہ کے بارے میں تفصیل سے مسائل کی نشاندہی کی اور تجاویز و آرا پیش کی گئیں۔

اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے بلدیاتی افسران کو ہدایات دیں کہ عوامی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات ہیں کہ بلدیاتی افسران اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کریں انھوں نے کہا کہ آپ کی کارکردگی پوری حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرتی ہے لہٰذا آپ کو مزید محنت سے اپنے فرائض نبھانے ہیں۔ انھوں نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ نالوں اور کچرے کی صفائی کو لازمی بنائیں اور جراثیم کش اسپرے کریں نیز مسلسل مانیٹرنگ کے ذریعے صفائی کو مستقل برقرار رکھیں۔ انھوں نے کے ڈی اے کے افسران کو ہدایات دیں کہ اپنی ترقیاتی اسکیموں بالخصوص پیڈسٹرین برج کی اسکیموں کو جلد از جلد مکمل کریں۔ انھوں نے افسران کو ہدایت کی کہ لوگوں کے جائز مسائل کو بروقت حل کریں۔ انھوں نے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کے افسران کو خاص طور سے ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض کو مزید جانفشانی سے ادا کریں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جاسکے۔

وزیر بلدیات نے افسران کو ہدایات دیں کہ عیدالاضحی پر آلائشوں کو اٹھانے اور صفائی اور اسپرے کا فوری اور منظم انتظام رکھیں۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی ، سابق رکن سندھ اسمبلی اور پی پی پی کراچی کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری وائس چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نجمی عالم، مینجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنہ، ایڈمنسٹریٹر ساؤتھ افشاں رباب، ایڈمنسٹریٹر کورنگی جاوید کلہوڑ کے علاوہ متعلقہ بلدیاتی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

کوئی تبصرے نہیں