کچھ نام نہاد پارٹیوں نے بارش کا بہانہ بنا کر بلدیاتی الیکشن موخر کروائے، لیاقت علی ساہی
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) سیا سی و سماجی رہنما لیاقت علی ساہی نامزد چیئرمین یوسی 3 شاہ فیصل ٹاؤن کراچی نے بلدیاتی الیکشن کے التوا پر مرکزی دفتر میں سپورٹرز اور برادری الائنس کے رہنماؤں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ کے دوسرے مرحلے کے بلدیاتی الیکشن کو موخر کرکے نہ صرف قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا بلکہ بلدیاتی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے بھی بہت سے مسائل کو جنم دیا ہے اس غیر منصفانہ فیصلے کی مذمت کرتے ہیں، یہی فیصلہ کرنا تھا تو بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کو جاری کرنے سے قبل تمام پہلوؤں پر غور و فکر کیا جاتا جب الیکشن میں تین روز رہ گئے تھے امیدواروں نے اپنی انتخابی رابطہ مہم مکمل کرکے ووٹرز کو ذہنی طور پر ووٹ کو پول کے لیے تیار کر لیا تو الیکشن کمیشن میں کچھ نام نہاد پارٹیوں نے جا کر بارش کا بہانہ بنا کر التوا کروا دیا جو کہ سراسر زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام امیدواروں کو اب نئے سرے سے اپنی انتخابی مہم کو مرتب کرنا ہوگا جس میں بعض امیدوار تو اس کی سکت بھی نہیں رکھتے کہ وہ انتخابی مہم چلا سکیں چونکہ حلقہ بندیوں میں اس قدر نقائص ہیں کہ ایک عام ورکر کے لیے اتنے بڑے حلقے میں ووٹرز کے ساتھ رابطہ کرنے کے وسائل بھی نہیں ہیں، اب سونے پر سہاگہ جب الیکشن ہونے جا رہے تھے تو اسے ملتوی کر دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ووٹرز لسٹوں میں بہت سے نقائص ہیں۔ ایک عام ووٹر کو اپنا ووٹ تلاش کرنا بہت مشکل ہے چونکہ گھر کے ایڈریسس، سیریل وائز نہیں ہیں، الیکشن کمیشن کی فراہم کردہ ایس ایم ایس کی سہولت پر جب میسج کیا جاتا ہے تو وہ جو کوڈ نمبر بک کا بتاتا ہے وہ ووٹرز لسٹو ں کے مطابق نہیں ہے۔الیکشن کمشنر کو اس کا نوٹس لینا چاہیے تاکہ سسٹم میں موجود ووٹرز لسٹوں کو اپ ڈیٹ کیا جائے۔
انھوں نے الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ یو سی کی سطح پر تمام امیدواروں کو پی ڈی ایف فائل فراہم کی جائے تاکہ جو امیدوار آن لائن ووٹرز لسٹوں کو مرتب کرنا چاہتے ہوں وہ کرسکیں، تاکہ ووٹرز کو انتخاب کے دن سہولت فراہم کی جاسکے کہ وہ با آسانی ووٹ کاسٹ کر سکیں۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو بہت سے ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کرنے سے محروم ہو جائیں گے۔ انھوں نے کہا ہماری معلومات کے مطابق بھاری معاوضوں پر ایپ بنائی جا رہی ہے اس کا مطلب ہے کہ جس کے پاس دولت ہے وہ آن لائن ایپ مرتب کر لے اور جس کے پاس اتنی رقم نہیں ہے وہ مینول ووٹرز لسٹوں کے ذریعے اپنے ووٹ کاسٹ کروائیں۔ اس دوہرے معیار اور تفریق کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن تمام امیدوار وں کو پی ڈی ایف فائل فراہم کرے بلکہ الیکشن کمیشن اپنی ووٹرز لسٹ کی ایپ کی سہولت تمام امیدواروں کو ازخود فراہم کرے۔ اس اقدام سے ووٹرز زیادہ سے زیادہ اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے جس کا فائدہ ملکی سطح پر پہنچ سکتا ہے۔ گراس روٹ لیول پر عام لوگ ووٹ زیادہ سے زیادہ کاسٹ کر سکیں گے۔
انھوں نے سپورٹرز کو کہا کہ اپنی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں، جن لوگوں سے ہم رابطہ نہیں کر سکے ان سے رابطہ کیا جائے تاکہ یوسی 3 میں برادری الائنس کے پیغام کو گھر گھر پہنچایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری یوسی 3 شاہ فیصل میں ایک امیدوار کا انتقال ہو گیا ہے جس کی اطلاع ہم نے آر او کو دے دی، مجھے لگتا ہے کہ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات اب نہیں ہو سکیں گے اور کونسلرز کے الیکشن ہوںگے۔ تاہم ہم آر او کے نوٹیفیکیشن کا انتظار کر رہے ہیں، اس کی روشنی میں اپنی حکمت عملی مرتب کریں گے، یوسی 3 شاہ فیصل کی عوام کے ووٹ کی طاقت سے اس حلقے کے عوام کی محرومیوں کا خاتمہ کریں گے اور ان کے تعاون کے ساتھ مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کریں گے۔ ہم آئین کی روشنی میں بنیادی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
کوئی تبصرے نہیں