وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا کراچی کے ضلع وسطی اور غربی کے مختلف علاقوں کا دورہ، برساتی نالوں میں پانی کی نکاسی کو رواں رکھنے کی ہدایات



کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) وزیر بلدیات، دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سید ناصر حسین شاہ جو حالیہ مون سون بارشوں کے دوران سندھ کابینہ کے وزرا اور محکمۂ بلدیات کے حکام کے ہمراہ مسلسل کراچی کے مختلف علاقوں سے نکاسئی آب کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں نے آج کراچی کے ضلع وسطی اور غربی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، بلدیاتی عملے اور افسران سے صورتحال اور مزید ضروریات کے بارے میں آگاہی لی اور موقع پر ضروری احکامات صادر کیے۔وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ضلع وسطی اور غربی کے مختلف علاقوں کے برساتی نالوں میں پانی کی نکاسی کو رواں رکھنے کی ہدایات دیں اور کہا کہ اس ضمن میں تمام ضروری مشینری اور عملہ موقع پر موجود رہے اور مزید کسی ضرورت سے فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم این اے شاہدہ رحمانی، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی علی احمد جان، سیکریٹری بلدیات سندھ سید نجم شاہ، ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی طحہٰ سلیم، ڈپٹی کمشنر غربی میر قادر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اس دوران وزیر بلدیات نے شادمان ٹاؤن، یو پی موڑ، ناگن چورنگی، پاور ہاؤس چورنگی، 4 کے چورنگی، 2 منٹ چورنگی، یوسف گوٹھ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔



اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے ان کے مسائل بھی سنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ان کی کابینہ کے تمام اراکین موسمِ برسات میں عوام کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے دن رات عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے تمام وزرا سڑکوں پر موجود ہیں اور ڈیوٹیوں پر موجود عملے و افسران کی معاونت اور محنت سے فرائض انجام دینے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسکاؤٹس ہر مشکل وقت میں بے لوث خدمات پیش کرنے والے عظیم افراد ہوتے ہیں،سید ناصر حسین شاہ

انھوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت ہے کہ مشکل وقت میں شہریوں کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ مسلسل بارشوں کے باعث نکاسئ آب میں دشواریوں کا سامنا ہے لیکن اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ زیادہ تر علاقوں کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔اور جہاں جہاں مسائل باقی ہیں وہاں بھی عملہ کام کر رہا ہے اور جلد پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے گا۔



انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور ضلعی انتظامیہ مسلسل کام میں مصروف ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں وہ متعلقہ افسران سے رابطہ رکھیں تاکہ مسائل کو بروقت حل کیا جاسکے۔

کوئی تبصرے نہیں