کراچی یونیورسٹی کے شعبۂ خصوصی تعلیم میں ڈاکٹر اسمٰعیل سعد ریسورس سینٹر کا افتتاح



کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) ایک سادہ اور پروقار تقریب میں ڈاکٹر اسمٰعیل سعد ریسورس سینٹر کا افتتاح کیا گیا اس موقع پر سیکریٹری خصوصی تعلیم سندھ محمد خان رانجھا نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور سندھ حکومت صوبے میں تعلیم کے فروغ بالخصوص خصوصی بچوں کی تعلیم کے انتظام کے لیے ہرممکن کوششیں کر رہی ہے اور ڈاکٹر اسمٰعیل سعد ریسورس سینٹر میں خصوصی تعلیم کے شعبے میں تحقیق کے لیے صوبائی حکومت مکمل معاونت فراہم کرے گی۔

اس موقع پر چیئرپرسن شعبۂ خصوصی تعلیم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ شہزادی نے خطبۂ استقبالیہ میں کہا کہ مرحوم پروفیسر ڈاکٹر اسمٰعیل سعد نے 1988 میں کراچی یونیورسٹی کے شعبۂ خصوصی تعلیم کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اسمٰعیل سعد خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے تعلیم یافتہ اساتذہ کی ضرورت پر بہت زور دیتے تھے۔ ڈاکٹر اسمٰعیل سعد نے اردو اور انگریزی میں 50 سے زائد کتابیں تصنیف کیں اور 100 کے لگ بھگ طالب علموں کے ڈاکٹریٹ کرنے میں رہنمائی کی۔



چیئر پرسن ڈاکٹر شگفتہ شہزادی نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی کی انتظامیہ نے مرحوم ڈاکٹر اسمٰعیل سعد کی خدمات کے اعتراف میں ان کے شعبے میں ڈاکٹر اسمٰعیل سعد ریسورس سینٹر قائم کیا ہے اس ریسورس سینٹر میں طالب علموں کو تعلیم، تحقیق اور ریسرچ جرنل کے اجرا کے ساتھ ساتھ سیمینارز اور ورکشاپس کے انعقاد کی سہولتیں میسر ہوں گی جس سے خصوصی تعلیم کے شعبے میں ایم فل، پی ایچ ڈی اور مزید تعلیم و تحقیق کے دروازے کھلیں گے۔تقریب سے ڈاکٹر اسمٰعیل سعد کی اہلیہ گیتی سعد، شعبے سے فارغ التحصیل طالب علموں اور دیگر اساتذہ نے بھی خطاب کیا۔

کوئی تبصرے نہیں