کوہلی نے جے وردھنے کو پیچھے چھوڑ دیا
تحریر :عبدالعزیز
آسٹریلیا میں ٹوئنٹی 20 ورلڈ
کپ اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا، میگا ایونٹ میں اس بار بھی کئی ریکارڈز پاش پاش ہوگئے،
بھارتی بیٹر ویراٹ کوہلی نے خراب فارم کا ازالہ آسٹریلوی وکٹوں میں رنز بٹور کرکے کردیا،
پاکستان اور بنگلہ دیش کیخلاف فتح گر اننگز کھیلنے والے کوہلی نے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ
کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ سابق سری لنکن بیٹر مہیلا جے وردنے سے چھین
لیا، کوہلی نے بنگلہ دیش کیخلاف گروپ مرحلے میں اپنی اننگز کا 16 واں رنز بناکر مہیلا
جے وردنے کا ریکارڈ توڑا، ان سے قبل سابق سری لنکن کپتان 31 اننگز میں 1016 رنز جوڑ
کر سرفہرست تھے لیکن اب کوہلی نے ایونٹ کی تاریخ میں 25 ویں اننگز میں انھیں پیچھے
چھوڑدیا، کوہلی نے اب تک میگا ایونٹ میں پاکستان کیخلاف 82 ناٹ آﺅٹ، نیدرلینڈز سے میچ میں
62 رنز بنائے، تاہم جنوبی افریقہ کیخلاف وہ 12 رنز پر میدان بدرہوئے۔
اس کے علاوہ کوہلی کی نگاہیں
ایک اور ریکارڈ پر مرکوز ہیں، وہ آئی سی سی ایونٹس میں زیادہ رنز بنانے کا ملکی ریکارڈ
سچن ٹنڈولکر سے بھی چھین سکتے ہیں، کوہلی سردست آل ٹائم فہرست میں پانچویں نمبر پر
ہیں، سچن ٹنڈولکر 2719 رنز جوڑ کر ان سے آگے چوتھے نمبر پر براجمان ہیں، آل ٹائم فہرست
میں کرس گیل 2942 کے ساتھ سرفہرست ہیں، کمار سنگاکارا 2876 کے ساتھ دوسرے اور مہیلا
جے وردنے 2858 رنز بناکر تیسرے نمبر پر ہیں۔
ورلڈ کپ میں اب تک شریک تمام
ٹیموں کے کپتان کوئی غیرمعمولی بیٹنگ پرفارمنس پیش نہیں کرپائے ہیں، آسٹریلیا میں جاری
میگا ایونٹ میں اب تک تمام کپتانوں نے مجموعی طور پر 17۔84 کی واجبی اوسط سے رنز بنائے،
جو کسی بھی ایونٹ میں کمترین ہے، اس کے علاوہ کپتانوں کا اسٹرائیک ریٹ بھی 107۔02 رہا
جو بھی ورلڈ کپ کی تاریخ کا کمترین اسٹرائیک ریٹ ہے۔قومی کپتان بابراعظم کے لیے بھی
یہ میگا ایونٹ واجبی رہا ہے، نیدرلینڈز کیخلاف 5 بالز پر 4 کے انفرادی اسکور پر رن
آﺅٹ ہونےسے قبل انھوں نے بھارت
کیخلاف صفر کی خفت کا سامنا کیا، زمبابوے سے میچ میں وہ 9 گیندوں پر محض 4 رنز بناسکے،
بابراعظم پہلی بار ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں لگاتار 3 اننگز میں انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے
تک نہیں پہنچاپائے۔میگا ایونٹ میں بابر کے اندازقیادت اور ٹیم چناﺅ کو بھی تنقید کا سامنا رہا
ہے۔
ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ
میں جوز بٹلر نے زیادہ رنز بنانے کا ملکی ریکارڈ ایورن مورگن سے چھین لیا، بٹلراب
92 اننگز میں 2468 رنز بناکر نمایاں ترین ہوگئے ، ان کا اسٹرائیک ریٹ 143۔90 ہے، مورگن
اب 107 اننگز میں 2458 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے، الیکس ہیلز 72 اننگز میں
1940 رنز جوڑ کر تیسرے کامیاب ترین انگلش بیٹر بنے ہوئے ہیں۔
آئرش پیسر جوش لٹل ٹی ٹوئنٹی
ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے چھٹے بولر بنے، میگا ایونٹ میں کسی ایک ملک کے دوسرے
بولر کی جانب سے کارنامہ سرانجام دینے کا یہ پہلا واقعہ ہے،ایڈیلیڈ میں منعقدہ میچ
کے 19ویں اوور میں آئرش بولر نے کیوی کپتان کین ولیمسن اور جمی نیشم کے بعد مچل سینٹنر
کی بھی وکٹ حاصل کرتے ہوتے ہیٹ ٹرک مکمل کرلی،اس سے قبل بریٹ لی نے 2007میں بنگلہ دیش،گذشتہ
سال کرٹس کیمفر نے نیدرلینڈز،وانندو ہسارنگا نے جنوبی افریقہ،کاگیسو ربادا نے انگلینڈ
کیخلاف میچ میں ہیٹ ٹرک کی تھی، رواں ورلڈکپ میں یواے ای کے کارتھک میاپن نے مسلسل
3گیندوں پر سری لنکا کی وکٹیں گرا دی تھیں، یوں یہ دوسری ہیٹ ٹرک ہے۔جوش لٹل نے رواں
سال ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ 39شکار کیے ہیں،سندیپ لامی چینے38، وانندو
ہسارنگا اور تبریز شمسی 36،36، دنیش نکارانی اور بھونیشور کمار 35،35 وکٹیں حاصل کرچکے
ہیں۔
بنگلہ دیشی اوپنر لٹن داس
آئی سی سی مینز ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاورپلے میں ففٹی بنانے والے تیسرے
بیٹر کا اعزاز پایا، انھوں نے یہ کارنامہ بدھ کو بھارت سے گروپ میچ میں انجام دیا،
انھوں نے 27 گیندوں پر 60 رنز بناکر پویلین کی راہ لی، ان سے قبل اسٹیفن مے برگ نے
سلہٹ میں 2014 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کیخلاف جبکہ لوکیش راہول نے 2021 میں اسکاٹ لینڈ
کیخلاف دبئی میں یہ کارنامہ انجام دیاہے۔اس کے علاوہ لٹن ورلڈ کپ میں دوسری تیزترین
ففٹی بنانے والے کھلاڑی بھی بنے، انھوں نے اپنے 50 رنز 21 بالز پرمکمل کیے، آسٹریلیا
کے مارکس اسٹونیس 17 گیندوں پر ففٹی بناکر سرفہرست ہیں۔
ٹوئنٹی 20انٹرنیشنل میں بنگلہ
دیشی کپتان شکیب الحسن نے زیادہ وکٹیں پانے کے ریکارڈ میں کیوی پیسر ٹم ساﺅدی کی ساجھے داری اختیار
کرلی، شکیب 108میچز میں 127وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں، شکیب نے یہ سنگ میل بھارت سےٹوئنٹی
ورلڈ کپ میچ میں انجام دیا، انھوں نے33 رنزدیکر2 شکا رکیے۔شکیب مختصرفارمیٹ میں ہزار
رنز اور سو وکٹیں بھی نام کرنے والے واحد پلیئر ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں