محترمہ شمیم کاظمی کے اعزاز میں تقریب ”اعتراف کمال“


کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) انجمن ملازمت و زراعت پیشہ خواتین اور پاکستان امریکن کلچرل سینٹر کے زیر اہتمام محترمہ شمیم کاظمی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب اعزاز ”اعتراف کمال“ منعقد ہوئی، جس میں اپنے صدارتی خطاب میں معروف صحافی و دانشور محمود شام نے کہا کہ ان کی تنظیم کا مقصد ہی یہی رہا کہ ملازمت پیشہ خواتین کو ایک شناخت دی جائے اور عورتوں اور ان کی مسائل کے حل کے لیے مدد فراہم کی جائے وہ اپنی ریسرچ میں ملازمت پیشہ خواتین اور زراعت سے وابستہ خواتین کو سامنے لے کر آئیں۔ مہتاب اکبر راشدی نے اپنے خطاب میں محترمہ شمیم کاظمی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انھوں نے نہ صرف ذہنی امراض، سنگین بد سلوکی پھر معذور ہونے والی خواتین کی مالی مدد کی بلکہ قانونی و دیگر امور میں رہنمائی کے کام بھی کیے۔ معروف شاعرہ فاطمہ حسن نے کہا کہ شمیم نے ریڈ کراس، روٹری کلب، لائنز کلب، سول ہسپتال بورڈ اور دوسرے معروف اداروں میں اپنی خدمات کے ذریعے ملک کا نام روشن کیا۔ معروف شاعرہ ڈاکٹر عنبر حسیب عنبر نے کہا کہ شمیم کاظمی نے ہمیشہ یہ کہا خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں، پاکستان کی تمام خواتین عورتوں کے شانہ بہ شانہ کام کریں، اسپیشل ایجوکیشن کراچی یونیورسٹی کی سربراہ شگفتہ شہزادی نے کہا کہ شمیم کاظمی نے اپنی زندگی کے 60 برس خواتین کی فلاح و بہبود میں صرف کردیئے، معروف ٹی وی آرٹسٹ اور براڈ کاسٹر امریکا سے تشریف لائی ہوئی نیلوفر عباسی نے کہا کہ میرا پاکستان میں ایک طویل عرصہ گزرا مگر میں نے چند ہی خواتین کو دیکھا کہ جن کا کام ان کی شناخت بن گیا، اس میں بڑا نام شمیم کاظمی کا ہے۔بھارت (بھوپال) سے تشریف لائے ہوئے کلیم اختر نے کہا کہ قابل تحسین ہیں ایسی خواتین۔ میں نے شمیم کاظمی کا نام خواتین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے بھارت میں بھی سنا ہے۔

 محبان بھوپال فورم کی چیئر پرسن شگفتہ فرحت نے کہا کہ شمیم کاظمی کی ایک طویل اور نمایاں خدمات ہیں، انہوں نے ہمیشہ خواتین کو راغب کیا کہ وہ معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں، وہ لنگر خانوں اور دستر خوانوں کی قائل نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہنر سیکھنا چاہیے چاہے وہ مرد ہو یا عورت۔ اس موقع پر صاحب اعزاز محترمہ شمیم کاظمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میری تمام عمر عورت کی فلاح بہبود ان کے مسائل کے حل میں گزری، مگر عمر کے اس حصے میں احساس ہوتا ہے کہ یہ کام کم ہوا، اب نئی نسل کو چاہیے کہ وہ آگے آئیں اور اس مشن کو سنبھالیں۔

 اس موقع پر ان کو ان کی طویل خدمات پر اعتراف کمال کا ایوارڈ محبان بھوپال فورم کی جانب سے بھارت (بھوپال) سے تشریف لائے ہوئے مہمان کلیم اختر، شگفتہ فرحت اور محمود شام نے پیش کیا۔ تنظیم کی کراچی چیپٹر کی صدر شہلا احمد نے اپنی نظامت کے دوران تفصیل سے شمیم کاظمی کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر مخدوم ریاض، نصرت علی، قومی نائب صدر، مہ جبیں زبیری، نائب صدر نیلوفر افتخار، اونری جنرل سیکریٹری، فوزیہ اطہر نے اپنے انداز میں اظہار خیال کیا جبکہ اویس ادیب انصاری نے معززین کے جانب سے پھول اور تحائف صاحب اعزاز کو پیش کرائے اور مختصر خطاب بھی کیا۔ یہ تقریب پی اے سی سی کی یاد گار تقریب تھی جس میں تنظیم سے وابستہ نمایاں خواتین اور شہر قائد کے مختلف شعبوں سے وابستہ خواتین و حضرات بڑی تعداد میں شریک تھے۔

کوئی تبصرے نہیں